میڈیکل کالج پروفیسر 98

جنرل ہسپتال میں پروفیسر ڈاکٹر خضر حیات گوندل کے اعزاز میں پروقار الوداعی تقریب

لاہور 15نومبرپرنسپل امیرالدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا ہے کہ ڈاکٹر اور ٹیچر کبھی ریٹائر نہیں ہوتا بلکہ اپنی زندگی کے ہر مرحلے میں دکھی انسانیت کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیکل اساتذہ نوجوان ڈاکٹرز کی پیشہ ورانہ تربیت اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، جبکہ باعزت طور پر سبکدوش ہونا کسی بھی معالج اور استاد کیلئے ایک اعزاز ہے۔پروفیسر فاروق افضل کا مزید کہنا تھا کہ اساتذہ معاشرے کا حسن ہیں اور رہیں گے۔ وہ سربراہ شعبہ یورولوجی پروفیسر ڈاکٹر خضر حیات گوندل کے اعزاز میں منعقدہ پروقار الوداعی تقریب سے خطاب کر رہے تھے، جس میں فیکلٹی ممبران، کنسلٹنٹس نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

پروفیسر فاروق افضل نے بتایا کہ پروفیسر خضر حیات گوندل نے جنرل ہسپتال شعبہ یورالوجی کو ترقی کی نئی بلندیوں تک پہنچایا، جدید ٹیکنالوجی سے مریضوں کا علاج اورمریض دوست ماحول قائم کیا اور نوجوان ڈاکٹروں کی تربیت کیلئے باقاعدہ ورکشاپس منعقد کیں۔ ان اقدامات سے نئے یورولوجسٹس کو عالمی پیش رفت سے آگاہ رہنے اور اپنی مہارتوں میں بہتری لانے میں مدد ملی، جس کا براہِ راست فائدہ مریضوں کو پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ پروفیسر خضر حیات گوندل کی پیشہ ورانہ مہارت کے باعث نہ صرف پنجاب بلکہ دیگر صوبوں سے بھی مریض علاج کے لیے ایل جی ایچ میں آتے رہے اور یہاں سے صحت یاب ہو کر لوٹے۔ پرنسپل اے ایم سی کے مطابق پروفیسر گوندل ایک قابل استاد، ماہر سرجن اور بہترین ایڈمنسٹریٹر ہیں جن کا مریضوں کے ساتھ شفیق رویہ ان کے اعلیٰ کردار کی نشانی ہے۔

تقریب میں شریک پروفیسرز صاحبان نے بھی پروفیسر خضر حیات گوندل کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے دورِ سربراہی میں شعبہ یورولوجی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا اور ایک مضبوط پیشہ وارانہ ٹیم تیار کی۔پروفیسر خضر حیات گوندل نے تقریب کے انعقاد پر پرنسپل، فیکلٹی اور اکیڈمک کونسل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس ادارے میں گزارے گئے لمحات کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان یورولوجسٹ مریضوں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔تقریب کے اختتام پر پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے انہیں یادگاری شیلڈ اور ان کا پورٹریٹ پیش کیا اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔تمام شرکا نے ان کے لیے خوشیوں صحت اور کامیابیوں سے بھرپور زندگی کی دعا کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں