جنرل ہسپتال

جنرل ہسپتال میں نومولود بچوں کی ویکسی نیشن کیلئے انقلابی قدم کا آغاز

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) جنرل ہسپتال انتظامیہ نے والدین کی سہولت اور نومولود بچوں کو بر وقت پیدائشی ٹیکہ (BCG/OPV)لگانے کیلئے انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے لیبر روم میں ہی ای پی آئی کاؤنٹر قائم کر دیا ہے جس سے والدین کو کسی اور شعبے میں جانے کی زحمت نہیں اٹھانا پڑے گی۔ اس امر کا اظہار پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیر خوار کو حفاظتی ٹیکوں کا کورس مکمل کروانا اولاد کیلئے تحفہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ قبل ازیں بچوں کو پیدائشی ٹیکہ لگانے کی سہولت آؤٹ ڈور فراہم کی جا تی تھی اور اکثر اوقات زچہ و بچہ ٹیکے لگوائے بغیر ہی ہسپتال سے چلے جاتے تھے جس سے شیر خوار بچوں کی صحت کو بڑے خطرات لا حق ہو سکتے ہیں لیکن اب ہسپتال انتظامیہ کی اس کاوش سے نومولود بچوں کی صحت محفوظ ہو گی اور کوئی بھی نومولود حفاظتی انجیکشن لگوائے بغیر ہسپتال سے ڈسچارج نہیں ہوگا۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالرزاق،ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر لیلیٰ شفیق، نرسنگ سپروائزرانور سلطانہ اور ای پی آئی کی انچارج شہنیلا کومل بھی موجود تھیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر سردار الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ جنرل ہسپتال انتظامیہ نے وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی ہدایت کے مطابق شیر خوار بچوں کی فوری ویکسی نیشن کو یقینی بنایا ہے اور لیبر روم میں ای پی آئی کے خصوصی کاؤنٹر سے نہ صرف بچوں کی 100فیصد ویکسی نیشن ہوگی بلکہ والدین کو حفاظتی ٹیکوں بارے تاکید و آگاہی بھی فراہم کی جائے گی۔

پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہا کہ محکمہ صحت پنجاب پیدائش سے لے کر 2سال کی عمر تک بچوں کو 10بیماریوں کے خلاف حفاظتی ٹیکے اور ویکسی نیشن ڈراپس مفت فراہم کر رہا ہے جس کے لئے حکومت کو فی بچہ ہزاروں روپے سے زائد کا خرچ برداشت کرنا پڑتا ہے تاکہ نئی نسل کو بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت فراہم کر کے تندرست و توانا رکھا جا سکے۔
پروفیسر الفرید ظفر نے والدین سے اپیل کی کہ وہ حکومت کی مفت سہولیات سے استفادہ کرتے ہوئے شیر خوار بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات کے کورس ضرورت مکمل کروائیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کو تجویز پیش کریں گے کہ بچوں کی ایمونائزیشن کو 100فیصد یقینی بنانے کیلئے محکمہ تعلیم مناسب ترامیم کرے اور سکولوں میں داخلوں کے وقت حفاظتی ٹیکے مکمل کرنے کا سرٹیفکیٹ ایڈمیشن پالیسی کا حصہ بنایا جائے۔

پروفیسر الفرید ظفر نے مزید کہا کہ ماضی میں اتوار یا سرکاری تعطیلات کے دوران پیدا ہونے والے بچے حفاظتی ٹیکے نہیں لگوا سکتے تھے لیکن اب جنرل ہسپتال کے لیبر روم میں اس سہولت کی فراہمی کے بعد کوئی بچہ اس سے محروم نہیں رہے گا۔ پرنسپل جنرل ہسپتال نے ای پی آئی کی انچارج شہنیلا کومل کو ہدایت کی کہ وہ آؤٹ ڈور اور لیبرروم میں کی جانے والی ایمونائزیشن کی مکمل مانیٹرنگ یقینی بنائیں اور اس کی ہفتہ وار رپورٹ اُن کو باقاعدگی سے بھجوائی جائے۔