لاہور(رپورٹنگ آن لائن)جنرل ہسپتال میں نئے ہاؤس آفیسرز نے چارج سنبھال لیا، انہیں حکومت پنجاب کی طرف ماہانہ ساڑھے45ہزار روپے مشاہرہ ملے گا۔
یہ امیر الدین میڈیکل کالج کے فارغ التحصیل ڈاکٹرز ہیں جو اپنی ایک سالہ ہاؤس جاب ایل جی ایچ میں مکمل کریں گے۔ پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ ایل جی ایچ میں تعینات ہونے والے نئے ہاؤس آفیسرز کو مختلف شعبوں میں ذمہ داریاں تفویض کر دی گئیں اور اس ضمن میں سب سے اہم بات یہ ہے کہ ان ہاؤس آفیسرز کے لئے ڈینگی مینجمنٹ کی تربیت لازمی قرار دے دی گئی ہے جس میں نوجوان ڈاکٹروں کے لئے ڈینگی کی روک تھام،مریضوں کے علاج معالجے اور حفاظتی اقدامات کے بارے میں خصوصی تربیت اور ٹریننگ ورکشاپس کا اہتمام شامل ہو گا تاکہ انہیں بالخصوص موسم برسات کی آمد اور ڈینگی کے خدشات اور اُن سے جڑے تمام چیلنجز سے نمٹنے کے لئے عملی تربیت حاصل ہوسکے۔ پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ امیر الدین میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس کرنے والے بچوں کو عملی میدان میں اپنی پیشہ وارانہ مہارت میں اضافے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھنی چاہیے اور ینگ ڈاکٹرز کو ڈگریوں پر اکتفاکرنے کی بجائے خود کو جدید ٹیکنیک اور بہتر سے بہتر میڈیکل ڈویلپمنٹ سے آگاہ رکھنا چاہیے تاکہ وہ اس عملی تجربے سے مریضوں کو زیادہ سے زیادہ مستفید کر سکیں۔
پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے مزید کہا کہ دور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے لئے ہمیں ابھی بہت کچھ کرنا ہے،ترقی یافتہ ممالک میں رائج صحت کا نظام بلا شبہ ہم سے آگے ہے لیکن الحمد اللہ ہمارے طبی ادارے بھی تیزی سے ترقی کا سفر طے کر رہے ہیں۔انہوں نے نوجوان ڈاکٹرز پر زور دیا کہ وہ اپنے کیرئیر کو بہترسے بہتر بنانے کی جستجو جاری رکھیں اور بطور ہاؤس آفیسر اپنی عملی زندگی کے آغاز پر بھرپور جوش و جذبے کا مظاہرہ کریں۔
اس موقع پر مختلف شعبوں کے سینئر پروفیسرزایم ایس ڈاکٹر عبدالرزاق،ڈاکٹر عبدالعزیز اور دیگر انتظامی ڈاکٹرز بھی موجود تھے جبکہ نئے تعینات ہونے والے ہاؤس آفیسرز نے پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج وپی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ جنرل ہسپتال میں اپنے فرائض منصبی بہتر سے بہتر انداز میں ادا کریں گے اور ڈینگی مینجمنٹ کی تربیت سمیت انہیں جو بھی ذمہ داریاں سونپی گئیں وہ اُن سے عہدہ برآ ہوں گے۔