جنرل ہسپتال

جنرل ہسپتال میں سموگ بارے آگاہی پمفلٹس تقسیم، فیس ماسک کا استعمال لازمی: پروفیسر الفرید ظفر

لاہور5نومبر(زاہد انجم سے)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے لاہور جنرل ہسپتال کے مختلف شعبوں سمیت ایمرجنسی میں قائم سموگ آگاہی کاؤنٹرکا دورہ کیا اور ہسپتال آنے والے شہریوں میں سموگ سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر پر مبنی آگاہی پمفلٹس بھی تقسیم کئے۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین و دیگر انتظامی ڈاکٹرز موجود تھے۔
پروفیسر الفرید ظفر نے مریضوں و اُن کے لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت سموگ کے مسئلے پر قابو پانے کے لئے سنجیدگی سے بھرپور اقدامات کر رہی ہے،اس تناظر میں ہیلتھ پروفیشنلز کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ہسپتالوں اور نجی کلینکس پر علاج معالجے کے لئے آنے والے افراد کو سموگ سے محفوظ رہنے کے لئے احتیاطی تدابیر بارے مکمل آگاہی فراہم کریں تاکہ شہری اپنی صحت کی حفاظت کے لئے طبی ماہرین کے مشورے پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ سموگ نظام تنفس، آنکھوں کی جلن، دمہ اور امراض قلب میں مبتلا مریضوں کیلئے زیادہ مہلک ثابت ہو سکتی ہے اور ایسے افراد جن کی قوت مدافعت کمزور ہے انہیں خصوصی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔

پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے شہریوں کو سموگ سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں، سفر کے دوران عینک لگائیں،چہرہ، آنکھیں، ناک اور ہاتھ بار بار دھوئیں،گھروں سے باہر سرگرمیاں اور ٹھنڈے مشروبات سے اجتناب کریں، دوازے اور کھڑکیوں کو بند رکھیں اور فیس ماسک یا رومال کا استعمال کریں۔

انہوں نے کہا کہ بالخصوص موٹرسائیکل سوار اور پیدل چلنے والے افراد فیس ماسک کا استعمال یقینی بنائیں تاکہ فضا میں موجود سموگ(دھواں)کاربن ڈائی آکسائیڈ اور گاڑیوں سے خارج ہونے والے مختلف قسم کی زہریلی گیسیں انہیں نقصان نہ پہنچا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کی فٹنس کا خصوصی خیال رکھا جائے تاکہ گاڑیوں کے سائلنسرز شہریوں کی سانسوں کو زہر آلود نہ بنائیں۔ پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ سموگ سے خصوصاً ضعیف العمر، حاملہ خواتین اور چھوٹے بچوں کی صحت کو زیادہ خطرات لاحق ہوتے ہیں لہذا ہمیں با شعور شہری کے طور پر حکومتی ایس او پیز پر عمل کرنا ہوگا۔ انہوں نے اس سلسلے میں میڈیا پر بھی زوردیا کہ وہ اپنا مثبت کردار ادا کرتے ہوئے شہریوں کو سموگ سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر سے آگاہی دیں