جعلی ڈاکٹر 140

جنرل ہسپتال میں جعلی ڈاکٹر پکڑا گیا، سکیورٹی اہلکاروں کی بر وقت کاروائی،مریض بچ گئے

لاہور( رپورٹنگ آن لائن) لاہور جنرل ہسپتال میں سکیورٹی اہلکاروں نے بر وقت کاروائی کرتے ہوئے جعلی ڈاکٹر کو دبوچ لیا اور ڈیوٹی پر موجود ڈی ایم ایس ایوننگ ڈاکٹر عرفان عزیز نے بغیر کسی اتھارٹی کے سفید کورٹ پہننے اور گلے میں ستھیتھو سکوپ لٹکائے عدیل ولد فیاض نامی شخص کو مشکوک سرگرمیوں کی بنیاد پر تحویل میں لے لیا اور اُسے مزید کاروائی کے لئے متعلقہ حکام کے حوالے کر دیاگیا۔تفصیلات کے مطابق عدیل ولد فیاض نامی جعلی ڈاکٹر شاہدرہ کالونی کا رہائشی تھا اور نوسر بازی کے ذریعے مریضوں اور اُن کے لواحقین کو لوٹنے کا منصوبہ بنا رہا تھا لیکن ہسپتال انتظامیہ کے فوری ایکشن نے اُس کا خواب چکنا چور کر دیا۔

پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفرنے اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فوری سکیورٹی انتظامیہ سے رابطہ کیا اورڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے فرائض کی بر وقت انجام دہی کو یقینی بنایا ہے اور مریضوں اور شہریوں کا تحفظ کر کے ثابت کیا ہے کہ لاہور جنرل ہسپتال کے تمام شعبے اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہیں۔ پرنسپل پی جی ایم آئی نے ڈیوٹی پر مامور تمام اہلکاروں کو مزید متحرک ہو کر اپنے فرائض سر انجام دینے کی ہدایت کی اور فرض شناسی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کے لئے تعریفی اسناد کا بھی اعلان کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں