لاہور، 17 اکتوبر(زاہد انجم سے)لاہور جنرل ہسپتال میں بچوں کے بروقت علاج و تشخص کیلئے برونکو سکوپی جیسی جدید سہولت کا آغاز کردیا گیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر الفرید ظفر تھے۔
پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ یہ پروسیجر پلمو نالوجی اور بچوں کے ماہرین مل کر کریں گے۔تقریب میں پروفیسر آغا شبیر علی، پروفیسر میاں حنیف، پروفیسر فہیم افضل، ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین، ڈاکٹر جاوید مگسی، ڈاکٹر نعیم اختر، ڈاکٹر سفیان اکرم اور ہیلتھ پروفیشنلز کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ ایل جی ایچ میں معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور وزیر اعلٰی مریم نوازشریف کی ہدایت کے مطابق بچوں کے علاج پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، جس سے مستقبل قریب میں مریضوں کو بہترین طبی سہولیات اور آسانیاں میسر آئیں گی۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فریاد حسین نے بتایا کہ برونکو سکوپی سے بچوں کے پھیپھڑوں کی پیچیدہ بیماریوں کی تشخیص ہوگی، جس سے بلا تاخیر علاج ممکن ہو سکے گا جبکہ برونکو سکوپی سنٹر ٹیسٹ کی سہولت مفت دستیاب ہوگی۔ پروفیسر الفرید ظفر نے بچوں کے لئے برونکو سکوپی یونٹ بنانے پر ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین کی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ برونکوسکوپی پروسیجر کیلئے ڈاکٹرز کو تربیت فراہم کی جائے گی۔
اس سلسلے میں ہیڈ آف دی ڈیپارٹمنٹ پلمانولوجی ڈاکٹر جاوید مگسی اور ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین کو خصوصی ٹاسک دے دیا ہے کہ وہ نوجوان ڈاکٹرز کی تربیت کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کریں۔ تقریب میں ڈاکٹر عدنان مسعود، ڈاکٹر جاوید ملک، ڈاکٹر عبدالعزیز، ڈاکٹر نادیہ ارشد، ڈاکٹر قاسم، رخسانہ پرویز، رابعہ حیدر، سویرا حیدر ودیگر بھی موجود تھے۔