میڈیکل 35

جنرل ہسپتال میں اے ایم سی اور نرسنگ کالج کے پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں تقریب

لاہور، (رپورٹنگ آن لائن) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا ہے کہ تمام دیگر شعبہ ہائے زندگی کی طرح میڈیکل پروفیشن کی ترقی بھی نوجوانوں کی محنت، لگن، ذہانت اور قابلیت سے مشروط ہے۔

شعبہ طب سے وابستہ نوجوان ہیلتھ پروفیشنلز پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کے عزم و ہمت، علم دوستی اور پیشہ ورانہ مہارت پر پاکستان کے شعبہ صحت کے مستقبل کا انحصار ہے۔ امیر الدین میڈیکل کالج اور لاہور جنرل ہسپتال کے نرسنگ کالج کے پوزیشن ہولڈر طلبہ کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پی جی ایم آئی، اے ایم سی اور نرسنگ کالج ایل جی ایچ جدید تحقیق اور اعلیٰ تعلیم کو ہمیشہ اپنی اولین ترجیح بنائے رکھے گا کیونکہ یہ شعبہ محض ایک پیشہ نہیں بلکہ دکھی انسانیت کی مسیحائی کا وہ مقدس میدان ہے جہاں ڈگری سے بڑھ کر معالج کا بلند کردار، دیانت اور ہمدردی اہمیت رکھتی ہے۔

پروفیسر فاروق افضل کا کہنا تھا کہ مریض اپنے معالج پر زندگی کا مکمل بھروسہ کرتا ہے اور اس مقدس امانت کی لاج رکھنا ہر ڈاکٹر اور نرس کا اولین فریضہ ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ دور کے بدلتے ہوئے طبی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے کلینیکل ریسرچ، عملی مہارت اور مسلسل سیکھنے کا عمل ناگزیر ہو چکا ہے، لہٰذا کامیاب طلبہ اپنی صلاحیتوں کو جدید تحقیق اور بے لوث خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر انسانیت کی بہتری کے لیے وقف کریں۔ اس موقع پر اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد کی موجودگی میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے ہونہار طلبہ میں اسناد تقسیم کی گئیں، جبکہ پروفیسر فاروق افضل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ادارہ معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ ہیلتھ پروفیشنلز کی کردار سازی پر بھی خصوصی توجہ دے رہا ہے تاکہ وہ عملی زندگی میں انسانیت کی خدمت کو اپنا نصب العین بنائیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرنسپل پروفیسر فاروق افضل نے مزید کہا کہ ایم بی بی ایس فورتھ پروفیشنلز کے 20 طلبہ نے مختلف شعبوں میں امتیازی نمبر حاصل کر کے اے ایم سی کی شہرت کو چار چاند لگا دیے ہیں، جبکہ نرسنگ کالج ایل جی ایچ کی طالبات نے پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کر کے مادر علمی کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ کامیابی اساتذہ کی محنت اور طلبہ کی لگن کا نتیجہ ہے، جس پر تمام ٹیچرز اور پوزیشن ہولڈر طلبہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ پروفیسر فاروق افضل نے اس امر کا اظہار کیا کہ میڈیکل ٹیچرز مستقبل میں بھی طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔
اس موقع پر پروفیسر ندرت سہیل، پروفیسر فرح شفیح، پروفیسر طیبہ گل ملک، پروفیسر فائزہ اطہر، پروفیسر خرم سلیم، پروفیسر فرحان، پروفیسر نازش ثقلین، ڈاکٹرسائرہ ذیشان، پرنسپل نرسنگ کالج ثمینہ کوثر، ڈاکٹر عبدالعزیز،ڈاکٹر نادیہ ارشد، نرسنگ سپرنٹنڈنٹ صائمہ فتح و دیگربھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں