جنرل ہسپتال

جنرل ہسپتال میں آرتھو پیڈک منی فیلو شپ پروگرام کے تحت 100ڈاکٹر ز کی تربیت مکمل

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفریدظفر نے کہا ہے کہ میڈیکل ایجوکیشن سے ہی ڈاکٹرز کا تابناک مستقبل وابستہ ہے لہذا وہ طب کے میدان میں ہونے والی ترقی اور نت نئی ایجادات سے اپنے آپ کو مکمل طور پر با خبر رکھیں تاکہ ان کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں وقت کے ساتھ ساتھ مزید نکھار پیدا ہو۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور جنرل ہسپتال میں آرتھوپیڈک منی فیلو شپ پروگرام کے5ویں بیج کے ڈاکٹرز میں اسناد تقسیم کر نے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مذکورہ کورس میں مصر سمیت مختلف ممالک کے100سے زائد ڈاکٹرز نے شرکت کی اور اس فیلو شپ سے استفادہ کیا۔اس موقع پر پروفیسر محمد حنیف نے تقریب کے شرکاء کو بتایا کہ ڈاکٹرز کو دوران کورس جدید طریقہ علاج سے روشناس کروایا گیا تاکہ وہ مریضوں کا بہتر سے بہتر علاج معالجہ اور سرجری سرانجام دے سکیں۔اس پروگرام میں ڈاکٹرز کو سپائن سرجری، آرتھو سکوپی، جوڑوں کی تبدیلی، ٹراما مینجمنٹ سمیت دیگر امراض کے بارے میں بھی عملی تربیت فراہم کی گئی۔ پروفیسر ڈاکٹر طارق سہیل، ڈاکٹر خالد کاظمی، ڈاکٹر مدثر صدیق، ڈاکٹر حسنین خالد،ڈاکٹر عبدالعزیز سمیت نوجوان ڈاکٹرز بڑی تعداد میں موجود تھے۔

پروفیسر الفرید ظفرنے کہا کہ پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ لاہور کو یہ منفرد مقام حاصل ہے کہ میڈیکل فیلڈ میں ادارے میں اس شعبے سے متعلقہ بہت سے نت نئے پہلو متعارف کروائے گئے ہیں اور ملک میں منی فیلو شپ پروگرام آرتھو پیڈک شروع کرنے کا اعزاز بھی پی جی ایم آئی کو حاصل ہوا ہے جس سے مقامی ڈاکٹرز کے علاوہ دیگر دوست ممالک کے طبی ماہرین بھی استفادہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستانی ڈاکٹرز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں مزید اضافے کے لئے پی جی ایم آئی میں تمام دستیاب وسائل برؤئے کار لائے جا رہے ہیں اور مستقبل کیلئے بھی پالیسی مرتب کر لی گئی ہے جس سے میڈیکل کی تعلیم و تحقیق کا معیار بلند تر ہوگا اور معالجین بیرون ملک کی بجائے مقامی سطح پر ہی تعلیم حاصل کر یں گے جس سے ان کے مالی اخراجات اور وقت بچے گا۔پرنسپل نے ڈاکٹرز سے کہا کہ مذکورہ تعلیمی کورس کامیابی کے ساتھ حاصل کرنے والے سرٹیفکیٹس انہیں اپنے پیشے سے لگن اور مریضوں کی بہتر خدمت کے فرض کی یاد دلاتے رہیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ سرجری کے بہترین نتائج حاصل کرنے کے لئے ضروری ہے کہ سرجن ڈاکٹرز کی ٹیم میں شامل تمام سٹاف پوری طرح تربیت یافتہ اور اپنے پیشے سے جنون کی حد تک لگاؤ رکھنے والا ہو جو ہر قسم کی سرجری کو ایک چیلنج کے طور پر قبول کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔ پروفیسر محمد حنیف نے کہاکہ منی فیلو شپ پروگرام کا سلسلہ با قاعدگی سے جاری رہے گا اور ڈاکٹرز کو دوران تربیت مفت رہائش بھی فراہم ہوگی۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ مصر سمیت دیگر ممالک کے ڈاکٹرز نے بھی اس فیلو شپ کے انعقاد کو شاندار الفاظ میں سراہتے ہوئے اس میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور اس اہم پیش رفت پر پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر کا شکریہ ادا کیا۔