جنرل ہسپتال

جنرل ہسپتال: مزید 16 وینٹی لیٹرز مہیا، کورونا مریضوں کو ریلیف ملے گا

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے بتایا ہے کہ کورونا کے مریضوں کی سہولت کے لئے حکومت پنجاب نے لاہور جنرل ہسپتال کو مزید 16وینٹی لیٹرز مہیا کر دیے ہیں جو خصوصی طور پر کورونا کی تیسری لہر سے متاثرہ افراد کو ریلیف مہیا کریں گے تاکہ زیادہ متاثرہ اور زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا مریضوں کی جانوں کو بچایا جا سکے

جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں جنرل ہسپتال پلمونالوجی وارڈ میں 20بستروں پر مشتمل ایچ ڈی یو اور میڈیکل یونٹ 2میں 5بستروں پر مشتمل آئیسولیشن وارڈ کا بھی اضافہ کر دیا گیاہے جہاں ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکس راؤنڈ دی کلا ک اپنے فرائض سر انجام دیں گے اور محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈمیڈیکل ایجوکیشن کی پالیسی کے مطابق تمام مریضوں کو تشخیص و طبی سہولیات مفت فراہم ہوں گی۔

پرنسپل پروفیسر الفرید ظفرکا کہنا تھا کہ حکومت کے اس بر وقت اقدام سے کورونا کے مریضوں کے لئے پائی جانے والی ہمدردی اور انسانیت کی خدمت کے جذبے کی عکاس ہیں، حکومت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لئے ہمہ وقت چوکس ہے جس کے تحت مزید وینٹی لیٹرز مہیا کر دیے گئے ہیں۔ اس موقع پرمیڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالرزاق،پروفیسر جودت سلیم،ڈاکٹر عرفان ملک، ڈاکٹر جعفر شاہ،ڈاکٹر عبدالعزیز و دیگر موجود تھے۔

پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے انتظامی ڈاکٹروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض کی انجام دہی میں پوری طرح چوکس رہیں، صوبائی حکومت کورونا کے مریضوں کے علاج معالجے کو ہمہ وقت مانیٹر کر رہی ہے لہذا ہم سب کو اپنے فرائض منصبی پوری طرح تندہی کے ساتھ ادا کرنے ہوں گے۔

انہوں نے تینوں شفٹوں کے ڈی ایم ایس صاحبان سے کہا کہ وہ کورونا مریضوں کے لئے قائم وارڈز، ایچ ڈی یو،آئیسولیشن،آئی سی یو میں سہولیات پر نگاہ رکھیں تاکہ یہاں آنے والے کسی بھی شخص کو پریشانی کاسامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہاکہ وہ خود بھی کورونا وارڈ کا دورہ کرتے رہیں گے اور اس امر کو یقینی بنایا جائے گاکہ حکومت کی طرف سے اپ گریڈ کردہ طبی سہولیات کا ڈائریکٹ فائدہ کورونا کے مریضوں تک پہنچ سکے۔