جنرل ہسپتال

جنرل ہسپتال: مریضوں کی سہولت کیلئے 100ویل چئیرز اور 100سٹریچرز کا عطیہ

لاہور14ستمبر(رپورٹنگ آن لائن)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر نے کہا ہے کہ مریضوں کی سہولت و فلاح و بہبود کیلئے عطیات دینے والے افرادمعاشرے کا اصل سرمایہ اور ہمارا روشن چہرہ ہوتے ہیں جن کی قدر کرنا ہم سب کی اخلاقی ا ور معاشرتی ذمہ داری ہے اور ایسے مثبت اقدامات کی جتنی حوصلہ افزائی کی جائے کم ہے۔

ان خیالات کا اظہار پروفیسر الفرید ظفر نے ایک رفاعی ادارے (مسلم ہینڈز آرگنائزیشن) کی جانب سے لاہور جنرل ہسپتال شعبہ ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کی سہولت کے لئے 100ویل چیئرز اور 100سٹریچرز کے عطیات وصول کرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین،ڈائریکٹر مسلم ہینڈز آرگنائزیشن خالد محمود قریشی، ڈاکٹر عدنان مسعود، ڈاکٹر جعفر حسین، ڈاکٹر عبدالعزیز و ہیلتھ پروفیشنلز بھی موجود تھے۔

پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ دکھی انسانیت کی خدمت ایک عظیم عبادت سے کم نہیں اور یہ فریضہ سر انجام دینے والے اللہ تعالیٰ کے خوش قسمت بندوں میں شامل ہوتے ہیں جنہیں قدرت دولت کے ساتھ ساتھ کشادہ دلی سے بھی نوازتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ لوگ جو اللہ تعالیٰ کی راہ میں بیماروں کی بے لوث خدمت کے لئے بے دریغ خرچ کرنے سے بھی نہیں گھبراتے وہ دنیا و آخرت میں سرخرو ہوتے ہیں۔ پروفیسر الفرید ظفر نے کہا ہسپتالوں میں جہاں ڈاکٹرز اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں سے عہدہ برآ ہو کر انسانی جانوں کو بچانے کے لئے کوشاں رہتے ہیں وہیں فلاحی سوچ رکھنے والے صاحب ثروت ا فراد کی جانب سے موصول ہونے والے یہ عطیات اس جد و جہد کو مزید آسان کر دیتے ہیں۔

ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں ویل چیئرز اور سٹریچرز ہسپتال کے سسٹم میں آنے سے مریضوں کو گاڑیوں سے شعبہ ایمرجنسی میں علاج معالجے کے لئے منتقل کرنے کے لئے آسانی پیدا ہو گی اور اس حوالے سے عوامی شکایات کا بھی ازالہ ہوگا۔
پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر الفرید ظفر نے جنرل ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ سٹاک رجسٹر میں عطیات کا اندراج فوری یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ صاحب ثروت افراد جنرل ہسپتال انتظامیہ پر اعتماد کر کے عطیات دیتے ہیں لہذا ایک ایک پائی کا مکمل ریکارڈ رکھنا انتظامیہ کا اولین فرض ہے اوراس ضمن میں کسی قسم کی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔ پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ پوری دنیا میں غیر سرکاری تنظیمیں سماجی فلاح و بہبود کے لئے حکومت کے شانہ بشانہ خدمات سر انجام دیتی ہیں جس سے بہر طور عوام الناس مستفید ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر باعث مسرت ہے کہ پاکستان میں فلاح و بہبود کی تنظیمیں بالخصوص ہسپتالوں میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں جس کی وجہ سے دور دراز سے آنے والے مریضوں اور اُن کے لواحقین کو بہترین طبی سہولیات فراہم ہو رہی ہیں۔ پروفیسر الفرید ظفر نے مسلم ہینڈ ز آرگنائزیشن کی جانب سے بڑی تعداد میں عطیات پر شکریہ ادا کیا اور اسے ہسپتال کے لئے شاندار اقدام قرار دیا۔