جنرل ہسپتال

جنرل ہسپتال: مرحومہ ہیڈ نرس کی بیٹی کو ملازمت، اہل خانہ کو 25لاکھ مالی امداد

لاہور(ر پورٹنگ آن لائن)لاہور جنرل ہسپتال میں دوران سروس وفات پر شمیم اختر ہیڈ نرس کے قانونی ورثا ء کو حکومتی پالیسیی کے تحت مراعات مل گئیں۔مرحومہ کی بیٹی کو ملازمت دینے کے علاوہ اہل خانہ کو 25لاکھ روپے کی امداد دے دی گئی۔ پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے سیرت بتول کو تقرر نامہ دیتے ہوئے تلقین کی ہے کہ وہ اپنے فرائض منصبی خوش اسلوبی سے ادا کریں کیونکہ طب کا شعبہ خالصتاً انسانیت کی خدمت سے جڑا ہوا ہے۔اس موقع پر ینگ نرسز ایسوسی ایشن کی صدر خالدہ تبسم و دیگر عہدیداران بھی موجود تھیں۔
پروفیسرالفرید ظفرنے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مرحومہ ہیڈ نرس شمیم اختر کیلئے گریڈ17کی ریٹائرمنٹ تک قواعد و ضوابط کے مطابق تنخواہ جاری رہے گی جبکہ 60برس ہونے پر پنشن کا آغاز ہوگا۔ پرنسپل نے سیرت بتول سے کہا کہ وہ ملازمت کے ساتھ ساتھ اپنی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھیں تاکہ وہ اپنے خاندان کے خوابوں کو عملی تعبیر دے سکیں،صدر وائی این اے خالدہ تبسم و دیگر نرسنگ سٹاف نے پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر کا اس اقدام پر شکریہ ادا کیا۔ اپنی گفتگو میں خالدہ تبسم نے کہا کہ مرحومہ ہیڈ نرس شمیم اختر انتہائی فرض شناس و خوش اخلاق تھیں جو نئی آنے والی نرسوں کے لئے رول ماڈل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شمیم اختر نے ہمیشہ مریضوں کی بہتر سے بہتردیکھ بھال اور کونسلنگ کا فریضہ سر انجام دیا جس سے زیر علاج مریض و اُن کے لواحقین اُن کی پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کیے بغیر نہیں رہ سکتے تھے۔ پروفیسر الفرید ظفرنے مزید کہا کہ حکومت دوران ملازمت انتقال کرنے والے سرکاری ملازمین کے اہل خانہ کو بے یارو مددگار نہیں چھوڑتی جبکہ مالی پیکجز اور ایک بیٹے یا بیٹی کو ملازمت دے کر اُن کی کفالت کا ذریعہ بنتی ہے لہذا ہمیں بھی چاہیے کہ دوران سروس جو ذمہ داریاں سونپی جائیں انہیں احسن طریقے سے نبھایا جائے جس سے نہ صرف ملازم کی کارکردگی میں نکھار آتا ہے بلکہ ادارہ کا گراف بھی بلند ہوتا ہے۔اس موقع پر مرحومہ شمیم اختر کے بلند درجات کیلئے دعا بھی کی گئی۔