لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے لاہور جنرل ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ روٹیشن پالیسی پر سختی سے عملدرآمدیقینی بنائیں اور لیبر روم اور گیٹ پر تعینات تمام سکیورٹی گارڈز کو فوری طور پر تبدیل کیا جائے اور آئندہ کوئی بھی ملازم تین ماہ سے زائد یہاں ڈیوٹی سر انجام نہیں دے گا اور اسے نئی جگہ پر فرائض ادا کرنا ہوں گے۔
انہوں نے ہفتہ کے روزلیبر روم کے باہر مریض کے لواحقین اور سکیورٹی گارڈ کے درمیان رونما ہونے والے نا خوشگوار واقعہ پر سخت نوٹس لیتے ہوئے فوکل پرسن ایمرجنسی ڈاکٹر لیلیٰ شفیق سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر نجی کمپنی کا سکیورٹی گارڈ ملوث پایا گیا تو متعلقہ کمپنی کو اس کو فارغ کرنے کی سفارش کی جائے گی تاکہ کسی کو آئندہ ایسا کرنے کی جرات نہ ہو۔
پروفیسر الفرید ظفر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ دوران علاج معالجہ ہسپتال انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور صبر و تحمل کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں تاکہ کسی قسم کی مشکل پیدا نہ ہو اور ہسپتال کی معمول کی سرگرمیوں کو جاری رکھا جا سکے۔