نرسنگ 93

جنرل ہسپتال طالبات کی نرسنگ بورڈ کے سالانہ امتحانات میں پہلی اور دوسری پوزیشن

لاہور کالج آف نرسنگ لاہور جنرل ہسپتال /اے ایم سی کی طالبات نے ایک سالہ بیسک ڈپلومہ ان نیورو سائنسز نرسنگ کورس میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے پنجاب نرسنگ بورڈ کے سالانہ امتحان میں پہلی اور دوسری پوزیشن اپنے نام کر لیں.

نتائج کے مطابق دعا اختر نے پہلی اور کشور صدیق نے دوسری پوزیشن حاصل کر کے ایل جی ایچ کا نام روشن کیا، جبکہ پوسٹ گریجویٹ کالج آف نرسنگ لاہور کی سمیرا عبدالمجید تیسرے نمبر پر رہیں۔اس نمایاں کامیابی پر پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد فاروق افضل نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات، نرسنگ فیکلٹی اور کالج انتظامیہ کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی طالبات کی انتھک محنت، اساتذہ کی مؤثر رہنمائی اور ادارے کے معیاری تعلیمی ماحول کا واضح ثبوت ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر محمد فاروق افضل نے کہا کہ لاہور جنرل ہسپتال میں 1962ء سے نرسنگ کی تعلیم و تربیت کا سلسلہ جاری ہے اور یہاں سے فارغ التحصیل ہونے والی نرسیں نہ صرف ملک بھر بلکہ دنیا کے مختلف ممالک میں تدریسی خدمات اور دکھی انسانیت کی خدمت کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ادارہ نرسنگ کی پیشہ ورانہ تربیت کو مزید مؤثر اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ نرسوں کو خصوصی تربیت پر مسلسل توجہ مرکوز رکھنی چاہیے اور دورِ حاضر میں شعبہ طب میں ہونے والی جدید طبی پیش رفت سے باخبر رہنا ناگزیر ہے۔ ماڈرن تحقیق، طبی آلات اور عملی مہارتوں سے آگاہی ہی مریضوں کو معیاری، محفوظ اور ہمدردانہ نگہداشت کی فراہمی کو یقینی بنا سکتی ہے۔

پرنسپل پروفیسر فاروق افضل کا کہنا تھا کہ نرسیں کسی بھی طبی ادارے کے ہیلتھ کیئر سسٹم کا بنیادی ستون ہوتی ہیں۔ ان کی پیشہ ورانہ مہارت، احساسِ ذمہ داری، اخلاقی وابستگی اور خدمتِ خلق کا جذبہ ہی صحت کے نظام کو مضبوط بنیادیں فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نرسنگ کالج کی طالبات مستقبل میں بھی اسی عزم اور محنت کے ساتھ کامیابیوں کی نئی تاریخ رقم کریں گی اور اپنے علم سے نہ صرف ادارے بلکہ ملک و قوم کا نام روشن کرتی رہیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں