جنرل ہسپتال

جنرل ہسپتال: صحت افزا ماحول کیلئے گرین بیلٹ کی تعمیر، میڈیکل ٹیچرز نے پودے لگائے

لاہور(رپورٹنگ آ ن لائن) پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹرمحمد الفرید ظفر نے لاہور جنرل ہسپتال میں ری ویمپنگ کی تکمیل پر ماحول کو خوشگوار اورصحت افزا بنانے کے لئے گرین بیلٹ کی تعمیر کروا دی ہے جس میں میڈیکل شعبہ سے وابستہ معروف اساتذہ نے موسم بہار کی شجر کاری کرتے ہوئے اپنے اپنے نام کے پودے لگائے ہیں۔

شجر کاری مہم میں حصہ لینے والوں میں وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز،وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل، پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر، پرنسپل کالج آف آفتھالوجی الائیڈ ویژن سائنسز پروفیسر محمد معین، ایم ایس ایل جی ایچ پروفیسر ندرت سہیل شامل جبکہ اس موقع پر پروفیسر خضر حیات گوندل،پروفیسر فہیم افضل،پروفیسر قمر اشفاق و فیکلٹی ممبران و ہیلتھ پروفیشنلز بڑی تعداد میں موجود تھے۔
پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر نے تمام شخصیات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایک دن یہ پودے تن آور درخت بن کر سایہ مہیا کریں گے اور ماحول کو سر سبزو شاداب بنانے میں مددگارو معاون ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے نئے آنے والے ڈاکٹرز،نرسز پیرا میڈیکس کو میڈیکل سے وابستہ سینئر پروفیسرز کی یاد تازہ ہوتی رہے گی۔ پروفیسر الفرید ظفر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پودے اور درخت آکسیجن پیدا کرتے ہیں جس سے ماحول انسان دوست اور صحت کے لئے مفید بن جاتا ہے اور ہسپتالوں میں شجر کاری مریضوں کے لئے بہت زیادہ سود مند ثابت ہوتی ہے۔ انہوں نے ڈاکٹرز پر زور دیا کہ وہ مریضوں کے علاج معالجے کے ساتھ ساتھ لواحقین میں سماجی ذمہ داریوں کے حوالے سے بھی آگاہی پیدا کریں تاکہ لوگ اپنی سوشل ذمہ داریوں کو پورا کر سکیں۔ پرنسپل پی جی ایم آئی کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی آلودگی اور سموگ پر قابو پانے کے لئے زیادہ سے زیادہ شجر کاری کی ضرورت ہے اوراس سلسلے میں تمام شہریوں کو بھرپور حصہ لینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے ترقی یافتہ اور مہذب ممالک کے عوام ماحول کو سرسبز رکھنے اور زیادہ سے زیادہ” گرینری” لگانے کو اپنے کلچر کا حصہ سمجھتے ہیں جس وجہ سے تمام تر ڈویلپمنٹ اور صنعتی انقلاب کے باوجود مذکورہ ممالک کو ماحولیاتی آلودگی اور سموگ جیسے سنگین خطرات کا ہماری طرح سامنا نہیں کرنا پڑتا ہے لہذا اس لیے ضروری ہے کہ پاکستانی عوام بھی زیادہ سے زیادہ پودے اور سبزہ لگا نے میں اپنا مثبت کردار ادا کرے تاکہ مذکورہ مسائل سے چھٹکارہ حاصل کیا جا سکے۔