جنرل ہسپتال 72

جنرل ہسپتال شعبہ فزیوتھراپی کی اپ گریڈیشن، پروفیسر فاروق افضل نے افتتاح کیا

لاہور9مارچ(زاہد انجم سے)جنرل ہسپتال کے شعبہ فزیوتھراپی میں مریضوں کے علاج اور بحالی کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے تین جدید ترین مشینیں نصب کر دی گئی ہیں جن کا افتتاح پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کیا۔ اس موقع پر ماہرین نے مشینوں کے طریقہ کار اور طبی افادیت کا عملی مظاہرہ بھی پیش کیا۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ ان جدید آلات کی مدد سے مختلف اعصابی، عضلاتی اور جوڑوں سے متعلق بیماریوں کے علاج اور مریضوں کی بحالی کے عمل کو زیادہ مؤثر بنایا جا سکے گا۔

پروفیسر فاروق افضل نے میڈیا اور شرکاء سے گفتگو میں بتایا کہ عطیہ کی گئی الٹرا ساؤنڈ اور پیرا فین ویکس تھراپی مشینوں کے استعمال سے جنرل سرجری، آرتھوپیڈک اور پلاسٹک سرجری کے مریضوں کی بحالی میں نمایاں مدد ملے گی، جبکہ جوڑوں کے مرض میں مبتلا افراد مخصوص ورزش کے ذریعے معذوری سے محفوظ رہ سکیں گے۔اس موقع پر ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین،مخیر شخصیات ہیڈ آف دی ڈیپارٹمنٹ فیزیوتھراپی ڈاکٹر سید حافظ اعجاز احمد، ڈاکٹر علینہ جاوید، ڈاکٹر نرجس، ڈاکٹر عائشہ صدیقہ، نرسنگ سپرنٹنڈنٹ صائمہ فتح، ڈاکٹر جعفر حسین، ڈاکٹر عبدالعزیز، سید مظہر حسین شاہ، سید علی رضوان، مس اسمہ منور، مس نور العین، عدیل احمد شہزاد ودیگر موجود تھے۔

پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے مخیر حضرات کے گراں قدر تعاون کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صحت کے شعبے میں فلاحی جذبے کے تحت فراہم کی جانے والی سہولیات نہ صرف مریضوں کے علاج میں آسانی پیدا کرتی ہیں بلکہ ہسپتالوں میں طبی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متعدد پیچیدہ بیماریوں میں فزیوتھراپی علاج اور بحالی کے عمل کا بنیادی حصہ ہے اور لاہور جنرل ہسپتال میں جدید طبی آلات اور ماہر فزیوتھراپسٹس کی دستیابی سے اب عام مریض بھی ان سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں گے۔

پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مخیر حضرات کی جانب سے عطیہ کی جانے والی ان مشینوں کا فوری طور پر اسٹاک رجسٹر میں اندراج کیا جائے اور ان کی مناسب دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہسپتال کے انتظامی معاملات میں شفافیت اور مؤثر مانیٹرنگ کا نظام برقرار رکھا جائے تاکہ عطیہ دہندگان کا اعتماد قائم رہے اور ان قیمتی وسائل کو مریضوں کی بہتر خدمت کے لیے بروئے کار لایا جا سکے۔ایم ایس فریاد حسین نے کہا کہ حکومت کے ساتھ ساتھ صاحبِ ثروت افراد کی فلاحی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت سے طبی خدمات کا دائرہ مزید وسیع ہوگا اور مریضوں کو بروقت اور معیاری علاج کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئے گی۔ہیڈ آف دی ڈیپارٹمنٹ فیزیوتھراپی ڈاکٹر سید حافظ اعجاز احمدنے مریضوں کو فراہم کی جائے والی سہولیات بارے تفصیلی روشنی ڈالی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں