لاہور(رپورٹنگ آن لائن) لاہور جنرل ہسپتال کے شعبہ آرتھوپیڈک میں پروفیسر میاں محمد حنیف کی زیر سرپرستی پہلی مرتبہ منی فیلو شپ پروگرام کا با قاعدہ آغاز کر دیا گیا جو 6ہفتے تک جاری رہے گا اور اپنی نوعیت آپ کے اس پروگرام میں ملک بھر سے ایم ایس اور ایف سی پی ایس آرتھوپیڈک ڈاکٹرز شریک ہیں جنہیں سینئر ڈاکٹرز تکنیکی و تعلیمی سیشن کے ذریعے جدید میڈیکل ایجوکیشن سے آراستہ کر رہے ہیں۔اس فیلو شپ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے نوجوان ڈاکٹرز پر زور دیا کہ وہ اس پروگرام سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے پیشہ وارانہ نالج اور تحقیقی کام میں مہارت کے لئے آگے آئیں تاکہ مریضوں کے علاج معالجہ میں ترقی یافتہ ممالک میں ہونے والی میڈیکل ریسرچ اور ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جا سکے اور وہ اپنے اس علم کو مریضوں کی جلد صحت یابی کیلئے عمل میں لا سکیں۔
جنرل ہسپتال شعبہ آرتھوپیڈک کے سربراہ پروفیسر میاں محمد حنیف نے منی فیلو شپ پروگرام بارے تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ پاکستان بھر کے آرتھو سے وابستہ سرجنز اپنے طویل تجربے کی روشنی میں اس تربیتی پروگرام میں مستقبل کے کنسلٹنٹس کو سپائنل، کمر،آرتھو پلاسٹی،آرتھو سکوپی،گھٹنوں کا درد،ٹرامہ،سپورٹس انجری و ہڈی جوڑ کے بارے عملی آگاہی فراہم کریں گے تاکہ وہ اپنی پیشہ وارانہ زندگی میں کامیاب ثابت ہوں اور انہیں میڈیکل فیلڈ میں سامنے آنے والی جدت سے آشنائی ہو سکے۔
پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹروں کی پیشہ وارانہ زندگی میں ریسرچ اور ڈویلپمنٹ کے پروگرامز بہت اہمیت رکھتے ہیں اور انہی تربیتی پروگراموں کے ذریعے ڈاکٹرز کو اپنی مہارت مزید بہتراور علم کو “اپ ڈیٹ” رکھنے کا موقع ملتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے پروگراموں کا انعقاد گاہے بگاہے ہر میڈیکل کے ادارے میں ہونا چاہیے تاکہ وسیع پیمانے پر ڈاکٹرز کو ٹریننگ کے وافر مواقع میسر آ سکیں ۔پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے اس منی فیلو شپ پروگرام کے انعقاد کو شاندار الفاظ میں سراہا اور پروفیسر ڈاکٹر محمد حنیف اور اُن کی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایک چھت تلے سینئر اساتذہ اور طالب علم کو اکٹھا کرنا انتہائی خوش آئند امر ہے جس سے نوجوان ڈاکٹرز سینئر ز کی رہنمائی سے دور حاضر کے مطابق مریضوں کو جدید طریقہ علاج سے مستفید کر سکیں گے۔
اس موقع پر سوال و جواب کے سیشن بھی ہوئے اور نوجوان ڈاکٹرز نے اس منی فیلو شپ پروگرام میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر پروفیسر طارق سہیل، پروفیسر عرفان محبوب، پروفیسر مرزا اقبال، ڈاکٹر مدثر صدیق،ڈاکٹر شہزاد بوسال،ڈاکٹر عبدالعزیز،ڈاکٹر شیرازاور ڈاکٹر شکیل سمیت دیگر موجود تھے۔