جنرل ہسپتال

جنرل ہسپتال شعبہ آرتھو پیڈک کیلئے 40لاکھ مالیت کی” سی آرم” مشین کا عطیہ ۔

لاہور۔3نومبر(زاہد انجم سے)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر الفرید ظفر نے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت اور عطیات دینے والےافراد کیلے دعائیں زندگی میں آسانیاں اور کامیابیاں پیدا کرتی ہیں لہذا ہم سب کا فرض ہے کہ زخموں سے چور لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں لانے کے لئے کوئی لمحہ ضائع نہ کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مخیر حضرات کے مالی تعاون سے لاہور جنرل ہسپتال ایمرجنسی آپریشن تھیٹر کے لئے چالیس لاکھ روپے مالیت کی سی آرم مشین کے افتتاحی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین، ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ آرتھوپیڈک اینڈ سپائن سرجری پروفیسر محمد حنیف میاں،پروفیسر خالد کاظمی،ڈاکٹر عدیل حامد،ڈاکٹر رضوان شاہ، ڈاکٹر شیراز ملک، ڈاکٹر عبداللہ،ڈاکٹر شجاع الدین،ڈاکٹر مدثر، ڈاکٹر شاہ رخ اور دیگر موجود تھے۔ پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ سی آرم مشین سے ایمرجنسی میں ہڈیوں کے جدید طریقہ علاج سے آپریشن ہو سکیں گے، مریضوں کو نئی سہولت دستیاب ہوگی اور انتظار کی زحمت سے بھی بچ جائیں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ آرتھو پیڈک آپریشن کے لئے سی آرم مشین انتہائی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ اس سے آرتھو شعبے میں بہت آسانیاں پیدا ہوں گی۔

میڈیکل سپرنٹنڈ نٹ ڈاکٹر فریاد حسین کا کہنا تھا کہ مخیر حضرات کے تعاون سے 40 لاکھ مالیت کی سی آرم مشین سے مریضوں کو علاج معالجے کے لیے جدید سہولیات میسر ہوں گی اور اس سلسلے میں ڈاکٹرز کی کاوشیں نہایت قابل ستائش ہیں۔انہوں نے کہا کہ بالخصوص پروفیسر محمد حنیف میاں،ڈاکٹر شیراز ملک، ڈاکٹر حسنین خالد اور ڈاکٹر عبداللہ نے اس حوالے سے انتھک کوششیں کی اور درکار وسائل کا بندوبست کیاگیا۔ پروفیسر آف آرتھوپیڈک اینڈ سپائن پروفیسر ڈاکٹر محمد حنیف میاں نے مخیر حضرات کے تعاون پر ان کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیااور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی ماہرانہ صلاحیتوں کو برؤئے کار لاتے ہوئے اپنی ٹرینی ڈاکٹرز کی تربیت اور مریضوں کے اچھے علاج معالجے کے لیے پوری تندہی سے کام جاری رکھیں گے۔

انہوں نے ینگ ڈاکٹرز پر زور دیا کہ وہ اس ویژن کو جاری رکھیں تاکہ طب کے شعبے میں پاکستان اپنا نمایاں مقام حاصل کر سکے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ سی آرم مشین ہڈیوں کے جدید آپریشنز میں ریڑ ھ کی ہڈی کی اہمیت رکھتی ہے اور شعبہ ایمرجنسی کے آپریشن تھیٹر میں اس مشین کی موجودگی اس بات کی عکاس ہے کہ جنرل ہسپتال کی انتظامیہ عوام کو ایمرجنسی کی بہتر سے بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم اور حکومتی ویژن پر عمل پیرا ہے۔