نوسر باز

جنرل ہسپتال سے ڈاکٹر کا روپ دھارنے والا نوسر باز پولیس کے حوالے

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)جنرل ہسپتال انتظامیہ ان ایکشن، ڈاکٹر کا روپ دھار نے والے نوسر باز کو رنگے ہاتھوں دھر لیا۔ سیکورٹی سپروائزر علی کے مطابق گزشتہ روز ڈی ایم ایس ایڈمن ڈاکٹر صارم کو آؤٹ ڈور میں ایک شخص پر شک گزرا جس نے سفید اوورکوٹ زیب تن کیا ہوا تھا اور مریضوں کو چیک کروانے میں مصروف تھا۔

ڈی ایم ایس نے مذکورہ شخص سے سوال جواب کئے تو وہ گھبرا گیا اور رفو چکر ہونے کی کوشش کی جسے سیکورٹی اہلکاروں نے دبوچ لیا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران نوسر باز نے اپنا نام محمد شعیب ولد محمد اسحاق، للیانی کا رہائشی بتایا۔ انتظامیہ نے قانونی کاروائی کیلئے نوسرباز ڈاکٹر کو پولیس چوکی جنرل ہسپتال کے حوالے کر دیا ہے۔