جنرل ہسپتال

جنرل ہسپتال سے منسلک امیر الدین میڈیکل کالج میں مقابلہ حسن قرآت و نعت خوانی کاانعقاد

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا کہ دین اسلام ہی ہماری اصل پہچان ہے جبکہ قرآنی احکامات اور اللہ تعالیٰ کے آخری نبی حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات پر عمل ہی ہماری کامیابی اور نجات کا راستہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ قرآن پاک ہمیں ہر معاملے میں راست بازی، اعتدال پسندی اور انصاف کا حکم دیتا ہے اور ہم اپنے دین اسلام کے سنہری اصولوں کو اپنی زندگیوں میں عملی طور پر اپنا کر صحیح معنوں میں دنیا و آخرت میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہارپرنسپل پروفیسر الفرید ظفرنے اسلامک سوسائٹی آف امیرالدین میڈیکل کالج کے زیر اہتمام ”مقابلہ حُسنِ قرآت و نعت” کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں ایم بی بی ایس کی مختلف کلاسز کے طلباء و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور قرآن پاک کی تلاوت اور نعت خوانی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔مقابلے میں قاریان نے خوش الحانی سے سامعین کی سماعتوں کو منور کیا جبکہ نعت خوان طلباء و طالبات نے نعتیہ کلام کے ذریعے جذبہ عشقِ رسولﷺ کا وارفتگی کے ساتھ اظہار کیا،تقریب میں معروف نعت خوان محمد اقبال نے بطور منصف شرکت کی اور جج کے فرائض سر انجام دینے کے علاوہ خود بھی کلام پیش کیا۔

اس پروگرام کے مہمانِ خصوصی پرنسپل لاہور جنرل ہسپتال /امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر تھے جنہوں نے بچوں کے جذبہ عشقِ رسولﷺ کو شاندار الفاظ میں سراہتے ہوئے تلقین کی کہ ہم بطور مسلمان آپﷺ کو ہی اسوہ کامل مانتے ہیں جس کا ہمیں عملی طور پر بھی اظہار کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ نوجوان نسل بالخصوص میڈیکل کے سٹوڈنٹس کا دین اسلام سے لگاؤ کا جذبہ خوش آئند امر ہے جو اُن کے زمانہ طالب علمی کے علاوہ عملی زندگی میں بھی بہت فائدہ مند ثابت ہوگا۔ مقابلے کے اختتام پر پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے جبکہ شرکاء کی جانب سے طلبا و طالبات کے جذبہ ایمانی کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔اس موقع پر پروفیسرز و انتظامی ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔