لاہور(رپورٹنگ آن لائن) لاہور جنرل ہسپتال سے منسلک امیر الدین میڈیکل کالج کےکل(بدھ) 45ڈاکٹرز کو 174میڈلز دیے جائیں گے جبکہ یہ اعزاز حاصل کرنے والوں میں 23مرد اور22لیڈی ڈاکٹر زشامل ہیں۔
پرنسپل پی جی ایم آئی/اے ایم سی پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے نوجوان ڈاکٹرز کو اتنی بڑی تعداد میں میڈلز حاصل کرنے پر مبارکباد دی اورینگ ڈاکٹرز کے والدین کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ ڈاکٹرز نے اپنی تعلیمی سرگرمیاں اور امتحانات میں منفرد کارکردگی کا مظاہرہ کر کے اپنے آپ کو ان میڈلز کا حقدار ثابت کیا ہے،ان نوجوان ڈاکٹرز کے والدین نے تعلیم و تربیت میں خصوصی دلچسپی، محنت اور خون پسینے کی کمائی لگا کر اپنے اور اپنے بچوں کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کیا کہ وہ والدین کا نام روشن کرنے کے لئے طب کے پیشہ کی نیک نامی کا باعث بنیں۔
پروفیسرالفرید ظفرنے مزید کہا کہ ہونہار طلبا و طالبات کی کامیابی میں اساتذہ کے کردار کو بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا جنہوں نے پیشہ وارانہ لگن،خلوص نیت کے ساتھ نوجوان ڈاکٹرز کی تعلیم و تربیت پر بھرپور توجہ دی اور انہیں کامیابی سے ہمکنار کیا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹرز اپنی عملی زندگی میں بھی دکھی انسانیت کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے اور پیشہ وارانہ لگن کے ساتھ اُس میڈیکل ایجوکیشن کو مریضوں کی خدمت کے لئے وقف کریں گے جس کا انہیں امیر الدین میڈیکل کالج میں درس دیا گیا ہے۔