پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ

جنرل ہسپتال: دو ماہ میں شعبہ ایمرجنسی میں 123543 مریضوں کا مفت علاج

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)جنرل ہسپتال شعبہ ایمرجنسی میں رواں سال کے پہلے دو ماہ میں مجموعی طور پر 123543 مریضوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کی گئیں اور انہیں علاج معالجے کے لئے فور ی اقدامات کیے،اسی طرح جنوری اور فروری میں شعبہ حادثات میں 8600سی ٹی سکین،134066الٹرا ساؤنڈ اور 33174ایکسرے کیے گئے۔یہ بریفنگ پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر کو شعبہ ایمرجنسی کے دورے کے دوران دی گئی،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر خالد بن اسلم اور فوکل پرسن ایمرجنسی ڈاکٹر لیلیٰ شفیق بھی موجود تھیں۔اس موقع پر پرنسپل کو شعبہ ایمرجنسی کی معمول کی کاروائی بالخصوص گزشتہ دو مہینوں کے اپ ڈیٹ سے آگاہ کیا گیا۔پروفیسر الفرید ظفر نے ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری کا جائزہ لیا اور ضروری احکامات جاری کیے۔

پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے ایم ایس کو ہدایت کی ہے کہ وہ تینوں شفٹوں میں ڈاکٹرز اور عملے کی حاضری کو مانیٹر کیا کریں اور پنجاب حکومت کی ہدایات کے مطابق حادثات کے شعبے میں آنے والے ہر شہری کو بلا امتیاز فوری طور پر علاج معالجے کی معیاری سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے ہسپتال میں رکشوں کی بھرمار پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے سکیورٹی اہلکاروں کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ سکیورٹی کا مقصد ہسپتال کے نظم نسق کو ڈسپلن میں رکھنا ہے اور مریضوں اور اُن کے لواحقین سے خندہ پیشانی سے پیش آ کر کسی قسم کے الجھاؤ سے گریز کرنا ہے۔ انہوں نے مجموعی طور پر شعبہ ایمرجنسی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔