پروفیسر الفرید ظفر

جنرل ہسپتال ایمرجنسی کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کیلئے نیا مانیٹرنگ سسٹم متعارف: پروفیسر الفرید ظفر

لاہور(زاہد انجم سے)جنرل ہسپتال شعبہ ایمرجنسی میں آنے والے تمام مریضوں کو طبی و تشخیصی سہولیات حکومتی پالیسی کے مطابق بلا معاوضہ فراہم کی جا رہی ہیں تاہم کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے نیا مانیٹرنگ سسٹم متعارف کروا دیا گیا ہے، جس کے تحت تینوں شفٹوں کے ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایم ایس) اور نرسنگ سپروائزر تمام سٹاف کی حاضری یقینی بنائیں گے اور ایمرجنسی کا وزٹ کر کے ہر شعبہ میں موجود رجسٹر پر اپنے ریمارکس لکھ کر دستخط کرنے اور معائنہ کا ویڈیو کلپ ایم ایس کو روزانہ کی بنیاد پر وٹس ایپ کرنے کے پابند ہوں گے۔

یہ ہدایات پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر نے پیر کے روز اچانک ایمرجنسی وارڈ کا جائزہ لیتے ہوئے کیں۔ اس موقع پر انہوں نے مریضوں و لواحقین سے طبی عملے کے رویے اورانتظامات بارے دریافت کیا۔ پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ ایم ایس ایل جی ایچ، اے ایم ایس ایڈمن اور اے ایم ایس و فوکل پرسن ایمرجنسی کم از کم دن میں 2مرتبہ ایمرجنسی کا دورہ کیا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر شفٹ کا ڈی ایم ایس اپنی ڈیوٹی کے دوران مریضوں کو تمام دستیاب طبی سہولیات بلا تاخیر فراہم کرنے کے ذمہ دار ہوگا اور اپنی شفٹ میں ہسپتال کی ورکنگ تسلی بخش طریقے سے چلانے کے بارے میں ایم ایس کو رپورٹ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال کے ماحول کومریض دوست بنانے میں کوئی کثر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ پرنسپل پی جی ایم آئی نے ایم ایس اور نرسنگ سپرنٹنڈنٹ کو واضح کیا کہ اگر کوئی آپ کے ماتحت سٹاف دوسری شفٹ کو چارج دئیے بغیر گیا تو محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے، نیز غیر حاضر ملازمین کے خلاف قانون کے مطابق فوری کاروائی عمل میں لائیں۔انہوں نے سینی ٹیشن سٹاف اور سیکورٹی گارڈز سے کہا کہ وہ اپنے فرائض انتہائی مستعدی کے ساتھ ادا کیا کریں۔صفائی ستھرائی کے معیار پر سمجھاتہ نہیں ہوگا۔ پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ ایل جی ایچ میں سزا و جزا کا نظام نافذ کر دیا ہے،جس کے تحت بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کی جائے گی۔