پروفیسر الفرید ظفر

جنرل ہسپتال ایمرجنسی و آؤٹ ڈور میں 24لاکھ سے زائد مریضوں کا علاج ہوا: پروفیسر الفرید ظفر

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے لاہور جنرل ہسپتال کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران ایمرجنسی و آؤٹ ڈور میں مجموعی طور پر24لاکھ 48ہزار 113مریضوں کو بغیر پرچی فیس کے طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔

گزشتہ برس کے مقابلے میں 2لاکھ78ہزار مریضوں کا اضافہ ہوا ہے۔ایم ایس ڈاکٹر خالد بن اسلم کا کہنا تھاکہ مریضوں کو ایک ارب 8 کروڑ روپے کی مفت ادویات فراہم کی گئیں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکس کی شبانہ روز پیشہ وارانہ لگن کے ساتھ فرائض کی ادائیگی اور مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کی روائیت کے پیش نظر ہسپتال کی شہرت و بہتری میں مزید اضافہ ہوا اور عوام نے بھی اس شفاء خانے پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ مخیر حضرات کے تعاون سے جنرل ہسپتال میں مریضوں و تیمارداروں کو صبح کا ناشتہ و کھانا بھی فراہم کیا جاتاہے۔ڈاکٹر لیلیٰ شفیق کے مطابق سال بھر میں 10ہزار سے زائد پیدائش ہوئیں نومولود کو حفاظتی انجیکشن لگا کر ڈسچارج کیا گیا۔

ان خیالات کا اظہار پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے یکم جولائی 2022سے30جون2023کی سالانہ کارکردگی کی رپورٹ جاری کرنے کیلئے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر خالد بن اسلم، فوکل پرسن ایمرجنسی ڈاکٹر لیلیٰ شفیق، ڈاکٹر نادیہ ارشد،ڈاکٹر سونیہ ایوب، ڈاکٹر عبدالعزیز و انتظامی ڈاکٹرز بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے تحت مریضوں کو طبی و تشخیصی سہولیات فراہم کی گئیں۔

ہسپتال کے اعداد و شمار کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی میں 11لاکھ66ہزار190مریضوں کو سرنج سے لے کر آپریشن تک کے سامان کی فراہمی،ادویات اور ٹیسٹ مفت کیے گئے،آؤٹ ڈور میں 12 لاکھ 81 ہزار 923 مریض آئے جن میں سے 76ہزار630مریضوں کو داخل کیا گیا۔

اسی طرح ایک لاکھ4ہزار47 چھوٹے بڑے آپریشن کیے گئے ،57029سی ٹی سکین،96046ایکسرے،150123الٹرا ساؤنڈہوئے۔پروفیسر الفرید ظفر نے بتایا کہ 17283ڈائلسز،63033ای سی جی،669نیورو انجیو گرافی اور 1746 مریضوں کی شعاعوں سے پتھری تحلیل کی گئی۔

پروفیسر الفرید ظفر نے ہسپتال کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہیلتھ پروفیشنلز اسی طرح دکھی انسانیت کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور مستقبل میں بھی تمام شعبوں میں بہترین کارکردگی کو یقینی بناتے ہوئے جنرل ہسپتال کو مثالی شفاخانہ بنانے کے لئے اپنی تمام توانائیاں برؤئے کار لائیں گے اور تمام شہریوں کو بلا تفریق سہولیات کی فراہمی بلا تعطل جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ طب کی دنیا میں مریض سب سے اہم ہوتا ہے اور پورا سسٹم اس کے علاج و صحت یابی کے گرد گھومتا ہے لہذا ہر پل مریضوں کیلئے آسانیاں پیدا کریں اور بہترین دیکھ بھال و خوش اخلاقی سے پیش آ کر دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کریں.