لاہور13مارچ(زاہد انجم سے) جنرل ہسپتال میں مریضوں کو بہترین طبی سہولیات میں مزید اضافے کے پیش نظر جراثیم سے پاک سرجری آلات کی 24/7فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے شعبہ ایمرجنسی میں سینٹرل سٹرلائز سروسز ڈیپارٹمنٹ(CSSD) قائم کر دیا گیا ہے جہاں جدید ترین آٹو کلئیر مشین نصب کی گئی ہے تاکہ مریضوں کو جراثیم،وائرس، فنگس، بیکٹیریا و دیگرمائیکرو آرگنزمز سے محفوظ رکھا جا سکے اور طبی آلات کو قلیل وقت میں جراثیم سے پاک کیا جا سکے۔
پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفرنے شعبہ حادثات میں قائم کیے جانے والے سینٹرل سٹرلائز سروسز ڈیپارٹمنٹ(CSSD) کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایل جی ایچ میں پنجاب بھر سے سب سے زیادہ ٹراما کیسز آتے ہیں اور ہسپتال ریکارڈ کے مطابق شعبہ ایمرجنسی میں روزانہ کی بنیاد پر میجر اور معمولی نوعیت کے250سے زائد پروسیجر کیے جا رہے ہیں۔سی ایس ایس ڈی میں سرجری و جراحی آلات کو مختلف جدید طریقوں سے سٹرلائز کیاجاتا ہے جن میں آٹو کلیو، کیمیائی و گاما ریڈی ایشن،ڈرائے ہیٹ اور الٹر ا وائلٹ لائٹ اسٹرلائزیشن شامل ہیں جس سے مختلف متعددی بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکا جا سکتا ہے۔
پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ جنرل ہسپتال کے مین آپریشن تھیٹر زکیلئے جراثیم سے پاک جراحی کے آلات آپریشن تھیٹر میں یقینی بنانے کیلئے پہلے ہی یہ شعبہ کام کر رہا ہے تاہم مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ایمرجنسی وارڈ کیلئے الگ سہولت فراہم کر دی گئی ہے تاکہ مریضوں کو تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے اور اُن کے آپریشن جراثیم سے پاک آلات سے یقینی بنائے جائیں تاکہ انفیکشن پھیلنے کا کوئی امکان باقی نہ رہے۔
انہوں نے کہا کہ جنرل ہسپتال حکومتی پالیسی کے مطابق پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن کے ایس او پیز پر عملدرآمد کر رہا ہے اور اس سلسلے میں ایم ایس ڈی ایس پر مامور سٹاف روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لے رہے ہیں۔اس موقع پرایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین، ڈاکٹر جعفر حسین، ڈاکٹرآمنہ آصف، فضیلت لال، ڈاکٹر جنید، ڈاکٹر عبدالعزیز، ڈاکٹر انعم بتول،رانا پرویز اور نرسز بھی بڑی تعداد میں موجود تھیں۔