جنرل ہسپتال 67

جنرل ہسپتال اور پنز میں 600پاونڈ وزنی کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب

لاہور 22دسمبر(زاہد انجم سے) جنرل ہسپتال اور پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں کرسمس کی خوشیوں کے موقع پر مسیحی برادری سے اظہارِ یکجہتی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں 600 پاؤنڈ وزنی کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پر مسیحی کمیونٹی کو کرسمس کی مبارکباد دی گئی اور اُن کی قومی خدمات کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

تقریب میں پرنسپل امیرالدین میڈیکل کالج پروفیسر فاروق افضل، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنز پروفیسر محمد آصف بشیر، ایم ایس پنز ڈاکٹر عمر اسحاق، ایم ایس ،جنرل ہسپتال ڈاکٹر فریاد حسین، ڈی سی این ایس فضیلت لال، نرسنگ سپرنٹنڈنٹ آسیہ خانم، نرسنگ آفیسرز، پیرا میڈیکل سٹاف اور دیگر ہیلتھ پروفیشنلز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔جبکہ میسحی برادری سے تعلق رکھنے والےافرار خصوصی طور پر شریک ہوئے
پرنسپل امیرالدین میڈیکل کالج پروفیسر فاروق افضل نے کہا کہ مسلمانوں کے لیے حضرت عیسیٰؑ سمیت تمام انبیاء کرام پر ایمان رکھنا عقیدے کا بنیادی حصہ ہے اور ہم حضرت عیسیٰؑ کا دل سے احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرسمس ہمیں محبت، سخاوت، معافی، امید اور روحانیت کا پیغام دیتا ہے جو ہمیں بہتر انسان بننے کی ترغیب دیتا ہے۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنز پروفیسر محمد آصف بشیر نے کہا کہ کرسمس ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ محبت، ہمدردی اور حسنِ سلوک کا درس دیتا ہے، یہی اقدار ایک مضبوط اور پرامن معاشرے کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں مسیحی برادری کا کردار قابلِ فخر ہے، خصوصاً تعلیم اور صحت کے شعبوں میں ان کی خدمات نمایاں اور قابلِ تحسین ہیں۔

ایم ایس پنز ڈاکٹر عمر اسحاق اور ایم ایس جنرل ہسپتال ڈاکٹر فریاد حسین نے کہا کہ پاکستان کا آئین تمام اقلیتوں کو مساوی شہری حقوق اور مذہبی آزادی فراہم کرتا ہے اور یہ امر خوش آئند ہے کہ ملک میں تمام اقلیتیں اپنے مذہبی تہوار مکمل آزادی اور احترام کے ساتھ مناتی ہیں۔

ڈی سی این ایس فضیلت لال , نرسنگ سپرنٹنڈنٹ آسیہ خانم اور صائمہ فتح کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبے میں مسیحی برادری، بالخصوص نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف، دکھی انسانیت کی خدمت میں ہمارے شانہ بشانہ مصروفِ عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نرسز اور ہیلتھ ورکرز فرض شناسی، پیشہ ورانہ لگن اور انسان دوستی کی اعلیٰ مثال ہیں جو ان کی پاکستان سے گہری وابستگی کا مظہر ہے۔

تقریب میں یہ بھی اجاگر کیا گیا کہ سفید رنگ کا پرچم پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی اور مسیحی برادری سے اظہارِ یکجہتی کی علامت ہے اور پاکستان کے قیام میں مسیحی کمیونٹی کا کردار بھی ناقابلِ فراموش اور قابلِ ستائش رہا ہے۔

تقریب کے اختتام پر ملکی ترقی، استحکام، اور کشمیری و فلسطینی بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ مسیحی برادری میں تحائف اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں، روایتی گیت گائے گئے جبکہ شرکاء کی بہترین کھانوں سے تواضع بھی کی گئی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں