لاہور(رپورٹنگ آن لائن) جشن آزادی کے حوالے سے لاہور جنرل ہسپتال اور پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پروفیسرز،ڈاکٹرز،میڈیکل و الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے سٹوڈنٹس، نرسز و نرسنگ طالبات اور پیرا میڈیکس نے بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سردا ر محمد الفرید ظفرنے جنرل ہسپتال کے سبزہ زار(گراؤنڈ) اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر پی آئی این ایس پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے مرکزی گیٹ پر پرچم لہرا یا۔
صدر پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن رانا پرویز کی سربراہی میں ملازمین تقریب میں شریک ہوئے۔ وائی این اے کی صدر خالدہ تبسم کے ہمراہ نرسز ہاتھوں میں قومی پرچم اٹھائے پنڈال میں داخل ہوئیں جبکہ نرسنگ کالج کی طالبات نے شہناز ڈار کی قیادت میں سبز و سفید انچل اوڑھ کر قومی ترانہ پیش کیاجسے حاضرین نے خوب سراہا۔اس موقع پر دونوں طبی اداروں کے ایم ایس ڈاکٹر عبدالرزاق،ڈاکٹر طاہر رشید نرسنگ سپرٹینڈنٹ رقیہ بانو اور رضیہ شمیم کے علاوہ سماجی شخصیات بھی موجود تھیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر اور ای ڈی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ پاکستان بلا شبہ جنوبی ایشیاء کے مسلمانوں کے لئے ایک جائے پناہ ہے جو قائد اعظم محمد علی جناح کی لازوال انتھک محنت،جدوجہد اور قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت اور برصغیر کے مسلمانوں نے بے شمارقربانیاں دے کر حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان نسل اپنے اسلاف کی قربانیوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے پاکستان کی ترقی،خوشحالی اور سبز ہلالی پرچم کی سربلندی کے لئے جذبہ حب الوطنی کے تحت اپنی تمام تر کاوشیں برؤئے کار لائیں اور اعلیٰ تعلیم کے حصول کو مقصد حیات بناتے ہوئے اپنی قابلیت کا لوہا منوائیں۔
تقریب میں وطن عزیز پر اپنی جان قربا ن کرنے والے مہران بیس کراچی کے شہید لیفٹیننٹ (پاک نیوی) سید یاسر عباس رضوی کے والد کرنل (ر)جعفر عباس نے خصوصی طور پر شرکت کی اور مادر ملت پر جان قربان کرنے والے اپنے فرزند کے بارے میں آگاہ کیا۔
دونوں طبی اداروں کے سربراہان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو ہر قسم کی نعمتوں سے نوازا ہے اور پاکستانی دنیا بھر میں کسی دوسری قوم سے کم نہیں اور آج ترقی یافتہ ممالک میں پاکستان کے قابل ترین ڈاکٹرز،انجیئنرز اور آئی ٹی کے ماہرین اپنے ملک کا نام روشن کر رہے ہیں جن کی صلاحیتوں کا اعتراف غیر ممالک بھی کرتے ہیں۔پروفیسر ز صاحبان اور میڈیکل کے طلباء و طالبات کا کہنا تھا کہ 14اگست تجدید عہد کا دن ہے جو ہمیں اس امر کی تلقین کرتا ہے کہ محنت،یقین اور جدوجہد کے بغیر اعلیٰ مقاصد کا حصول ممکن نہیں ہوتا اور زندگی میں کامیابی کے لئے بہت زیادہ لگن کی ضرورت ہوتی ہے اور خصوصاً میڈیکل کے شعبے میں مقابلے کی فضاء ہونے کی وجہ سے “پار ایکسی لینس” کی منزل تک پہنچنے کے لئے نوجوان ڈاکٹرز و نرسز کو اپنے آپ کو وقف کرنا پڑتا ہے۔پروفیسر الفرید ظفر اور پروفیسر خالد محمود کا کہنا تھا کہ آج ہمیں اس بات کا بھی عہد کرنا چاہیے کہ دکھی انسانیت کی خدمت کو بنا کسی لالچ اور غرض کے ہم اپنی زندگی کا مقصد بنائیں گے جو ڈاکٹرز و نرسز کے حلف کا بھی بنیادی جزو ہے۔
انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ خواہ کسی بھی شعبے سے وابستہ ہوں محنت،لگن اور نظم و ضبط اور دیاتنداری کو اپنی زندگی کا حصول بنا کر آگے بڑھیں تو کامیابی یقینی طور پر اُن کے قدم چومے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں ہماری پہچان پاکستان کی وجہ سے ہی ہے اور ہمیں اس کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنانا ہوگا۔نرسنگ سپرنٹنڈنٹ ایل جی ایچ رقیہ بانو اور نرسنگ سپرنٹنڈنٹ پنز رضیہ شمیم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ آزادی اللہ تعالیٰ کی طرف سے عطا کی گئی نعمتوں میں سے بہت بڑی نعمت ہے ہمیں اپنے وطن کو خوشحال،مضبوط اور ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لانے کیلئے تفویض کی گئی تمام ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اللہ تعالیٰ کا شکرگزار ہوناچاہیے کہ انہوں نے ہمیں آزادی جیسی نعمت عطا کی اور ہم اس کی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔رانا پرویز اور خالدہ تبسم کا کہنا تھا کہ یاد رکھیں کہ پاکستان کا وجود اللہ تعالیٰ کی نشانیوں میں سے ایک اہم نشانی ہے۔یہ ارض پاک تا قیامت قائم و دائم رہے گا اور اس کے دشمنوں کو ہمیشہ منہ کی کھانی پڑے گی۔
میڈیا سے گفتگو میں پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہا کہ ملک کی خدمت اور خوشحالی کیلئے بے شمار مواقع موجود ہیں اور اگر کوئی اپنے وطن عزیز کی خدمت کرنے کیلئے قدم آگے بڑھانا چاہے تواُس کی راہ میں کچھ بھی رکاوٹ نہیں بن سکتی۔ پروفیسر الفرید ظفر نے مزید کہا کہ ہمارے ملک کو دیگر چیلنجز کی طرح جنگلات کی شدید کمی کی وجہ سے ماحولیاتی آلودگی کے مسئلے پر بھی خصوصی توجہ دینی ہوگی اور ہمیں اجتماعی طور پر زیادہ سے زیادہ شجر کاری کرنے کی ضروت ہے۔سربراہ جنرل ہسپتال نے شہریوں سے اپیل کی کہ 14اگست منانے کا بہترین طریقہ یہ بھی ہے کہ ہر شخص اپنے حصے کا ایک پودا ضرور لگائے اور اُس کی آبیاری کرے تاکہ آنے والے برسوں میں آج کا لگایا پودا ایک تن آور درخت بن سکے۔ پرنسپل پی جی ایم آئی کا کہنا تھا کہ صحت مند معاشرہ ہی ایک مستحکم ملک کی ضمانت ہوتا ہے لہذا عوام کو چاہیے کہ وہ کورونا وباء سے بچنے کیلئے حکومت کی جانب سے ویکسی نیشن کی مفت سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں تاکہ کورونا وباء کا جلد از جلد خاتمہ ممکن ہو سکے۔
دونوں اداروں میں تقریب کے اختتام پر کیک کاٹنے کے علاوہ ملکی
سلامتی،خوشحالی،کشمیریوں کی آزادی اور وائرس سے بچاؤکیلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ محرم الحرام کے تقدس کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے جنرل ہسپتال و پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسزمیں جشن آزادی کی الگ الگ تقریبات سادگی سے منائی گئیں۔