لاہور،09 جنوری(ہیلتھ رپورٹر)جنرل ہسپتال کی انتظامیہ نے فرض شناسی، مستعدی اور انسان دوستی کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے ہسپتال کے احاطہ سے ملنے والے 6 سالہ گمشدہ بچے کو بحفاظت اس کے والدین تک پہنچا دیا۔پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جنرل ہسپتال ڈاکٹر فریاد حسین نے ڈیوٹی ڈی ایم ایس ڈاکٹر انعم بتول کی پیشہ ورانہ مہارت، حاضر دماغی اور فرض شناسی کو سراہتے ہوئے ان کی بھرپور تعریف کی۔
ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے ان کی خدمات کے اعتراف میں خصوصی تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈیوٹی ڈی ایم ایس ڈاکٹر انعم بتول نے ہسپتال کے احاطہ میں ایک کمسن بچے کو اکیلا دیکھ کر فوری طور پر اپنی تحویل میں لیا اور پولیس چوکی جنرل ہسپتال کو اطلاع دی۔
ڈاکٹر انعم بتول نے نہایت ذہانت اور ہمدردی کے ساتھ بچے کا اعتماد بحال کیا، جس کے بعد بچے نے اپنے والد کا نام یوسف اور والدہ کا نام ریحانہ بتایا۔ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے فوری طور پر والدین کی تلاش کے لیے عوامی اپیل جاری کی گئی، جس کے نتیجے میں بچے کے اہلِ خانہ کا سراغ لگا لیا گیا۔ تمام قانونی تقاضے مکمل کرنے کے بعد پولیس چوکی جنرل ہسپتال نے بچے کو بحفاظت اس کی والدہ ریحانہ زوجہ یوسف قوم مسیح کے حوالے کر دیا۔
٭٭٭٭٭









