جنرل ہسپتال

جنرل ہسپتال انتظامیہ و سٹاف کو یوم عاشور تک الرٹ رہنے کی ہدایت

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ، امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفرنے محرم الحرام کے دوران لاہور جنرل ہسپتال کی انتظامیہ، سٹاف اور شعبہ ایمرجنسی کے ملازمین کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ 20اگست تک شعبہ ایمرجنسی کے ملازمین میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی اجازت کے بغیر چھٹی نہیں کر سکیں گے جبکہ 9ویں اور10ویں محرم الحرام کو شعبہ حادثات میں اضافی عملہ تعینات ہوگا۔ پرنسپل پی جی ایم آئی نے ڈاکٹر لیلیٰ شفیق فوکل پرسن ایمرجنسی کو ہدایت کی کہ زنجیر زنی سے متاثرہ افراد کو فوری طور طبی امدادبہم پہنچنانے کے لئے خصوصی انتظامات کیے جائیں اور عزاداروں کے لئے الگ بستر مختص کیے جائیں تاکہ ان ایام میں آنے والے دیگر مریضوں کا علاج معالجہ بھی جاری رکھا جا سکے۔پروفیسر الفرید ظفر نے اے ایم ایس فارمیسی کو شعبہ حادثات میں جان بچانے والی ادویات کا وافر سٹاک مہیا کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کے احکامات جاری کیے۔پروفیسر الفرید ظفر نے انچارج بلڈ بینک سے بھی کہا کہ وہ یوم عاشور تک مختلف گروپس کے خون کا وافر مقدا رمیں سٹاک رکھیں تاکہ ضرورت پڑنے پر کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ یوم عاشورہ پر آؤٹ ڈور بند ہوگا اور یہاں کے عملے کی آؤٹ ڈور بند ہونے کے باعث ایمرجنسی میں ڈیوٹیاں لگائی جائیں گی۔
پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ یوم عاشور ہ ہمیں صبر و تحمل اور قربانی کا درس دیتا ہے اور ہمیں اس دن کی مناسبت سے اپنی ذمہ داریوں کا بھی احساس کرنا چاہیے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ جنرل ہسپتال ہر سال کی طرح اس سال بھی 10محرم الحرام کے موقع پر کسی بھی صورتحال کے لئے اپنے انتظامات مکمل رکھے گا اور بالخصوص زائرین کے لئے بہترین طبی سہولتوں کا بندوبست یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے ہسپتال کے سکیورٹی سٹاف کو بھی ہدایت کی کہ وہ عاشورہ کے دوران خصوصی طور پر چوکس رہیں اور اپنے فرائض پوری تندہی کے ساتھ سر انجام دیں تاکہ ہسپتال میں آنے والے زائرین اور مریضوں کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے جبکہ شعبہ ورکس کو بھی جنریٹر آپ ڈیٹ رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تینوں شفٹوں میں ملازمین ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ انہوں نے واضح کہا کہ اگر ان ایام میں کوئی ملازم ڈیوٹی سے غیر حاضر ہوا تو اس کے خلاف محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔