121

جنرل ہسپتال، PGMI اور AMC کیلئے بڑا اعزاز؛ 7 شعبوں میں FCPS ٹریننگ کی منظوری

لاہور 20دسمبر(زاہد انجم سے) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد فاروق افضل نے بتایا ہے کہ کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان (CPSP) کی جانب سے امیر الدین میڈیکل کالج (AMC)، پی جی ایم آئی اور جنرل ہسپتال کو میڈیکل کے سات اہم شعبوں بشمول فرانزک میڈیسن، سپائن سرجری، پیڈیاٹرک ڈرمیٹالوجی، کمیونٹی میڈیسن، اناٹومی، فزیالوجی اور گلوکوما میں ایف سی پی ایس (FCPS) پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ کے لیے منظوری دے دی گئی ہے۔

پروفیسر فاروق افضل نے اسے ادارے کے لیے ایک اعلیٰ اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ سی پی ایس پی کی جانب سے جاری کردہ یہ ایکریڈیٹیشن ان اداروں میں دستیاب معیاری تعلیمی سہولیات، جدید تحقیق اور مریضوں کے علاج معالجے کے اعلیٰ معیار پر مکمل اعتماد کا مظہر ہے۔

پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے اس نمایاں کامیابی پر کالج کی فیکلٹی، ڈاکٹروں اور ہیلتھ پروفیشنلز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ٹیم ورک، انتھک محنت اور پیشہ ورانہ لگن کا ثمر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس منظوری سے نہ صرف ادارے کے وقار میں اضافہ ہوا ہے بلکہ اب نوجوان ڈاکٹروں کو سپیشلائزیشن اور عالمی معیار کی پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ کے بہترین مواقع میسر آئیں گے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فیکلٹی ممبران مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ فرائض انجام دیتے رہیں گے تاکہ طبی تعلیم کے معیار کو برقرار رکھتے ہوئے ملک کو ماہر ڈاکٹرز فراہم کیے جا سکیں اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں