عظمیٰ بخاری

جنرل عاصم منیر پاکستانی قوم کے لیے فخر جبکہ بھارت کے لیے خوف کی علامت بن گئے ‘عظمیٰ بخاری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر فائز کیے جانے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔

انہوں نے جنرل عاصم منیر کو اس تاریخی اعزاز پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ نہ صرف افواج پاکستان بلکہ پوری قوم کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان نے بے مثال پیشہ ورانہ مہارت، اتحاد اور عزم کا مظاہرہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں ایک تاریخی فتح حاصل ہوئی۔جنرل عاصم منیر آج پاکستانی قوم کے لیے فخر کی علامت اور دشمنان وطن خصوصاً بھارت کے لیے خوف کی علامت بن چکے ہیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ بھارت جیسے روایتی دشمن کو عسکری، سفارتی اور اخلاقی میدان میں شکست دینا پاک فوج کے سپہ سالار کا ایک عظیم کارنامہ ہے۔ “ہماری آنے والی نسلیں بھی جنرل عاصم منیر کی اس غیرمعمولی کامیابی کو ہمیشہ یاد رکھیں گی۔عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ جنرل عاصم منیر کی قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت پاکستان کی بری، بحری اور فضائی افواج دفاعی لحاظ سے دنیا کی طاقتور ترین فورسز کی صف میں شامل ہو چکی ہیں۔

ان کی زیر قیادت پاک فوج خطے کی ایک ناقابل تسخیر اور منظم قوت کے طور پر اْبھر کر سامنے آئی ہے۔وزیر اطلاعات پنجاب نے اس موقع پر جنرل عاصم منیر کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اپنی قیادت میں وطن عزیز کو مزید محفوظ، مستحکم اور باوقار بنائیں گے۔