نیویارک(رپورٹنگ آن لائن)ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78ویں اجلاس میں عالمی رہنمائوں سے خطاب کے دوران ایک بار پھر پائیدار امن کے لئے مسئلہ کشمیر اٹھا دیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کے اعلی سطحی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے رجب طیب اردوان نے پاکستان اور بھارت پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے مذاکرات کئے جائیں، اس سے جنوبی ایشیا میں معاشی استحکام آئے گا، امن اور خوشحالی کی راہ ہموار ہو گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ترکیہ مسئلہ کشمیر کے حل اور وہاں منصفانہ اور دیرپا امن کے قیام کے لئے دونوں ممالک کی جانب سے اٹھائے جانے والے ہر اقدام کی حمایت کرے گا۔ انہوں نے پاکستان اور بھارت کی بات چیت کے دوران ثالثی کا کردار ادا کرنے کی بھی حمایت کی۔اس موقع پر رجب طیب اردگان نے فلسطینی مسلمانوں کے قبلہ اول مسجد اقصی کی آزادی کے لئے جدوجہد کی حمایت کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔