لاہور(رپورٹنگ آن لائن) نگران وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق خلیل جارج نے کہا ہے کہ جناح ہائوس ہو یا جڑانوالہ میں حملہ ہو یہ پاکستان پر حملہ ہے ، اگر حملہ آوروں کو سزائیں نہ ملیں تو اس طرح کی سرگرمیوں کو بڑھاوا ملے گا ، نوجوانوں سے ہاتھ جوڑ کر اپیل کروں گا وہ کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں ، اپنے ملک کو سنبھالیں اس کا مستقبل آپ سے وابستہ ہے ،وزیراعظم کے حکم پر جڑانوالہ گیا ،وہاں بہت نقصان ہوا ، چرچز جلائے گئے ، گھر جلائے گئے ،تاریخ میں پہلی بار مائیں بہنیں ڈر کر کھیتوں میں سو رہی تھیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفد کے ہمراہ جناح ہائوس کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وفاقی وزیر خلیل جار ج نے کہا کہ جب میں جناح ہائوس پہنچا تو میرا سر شرم سے جھک گیا کہ عظیم ہستی قائد اعظم محمد علی جناح کے گھر کو کس طرح جلایا گیا ، جنہوںنے یہ کرایا ،نوجوانوں کو یہاں تک پہنچایا اوران کے ذہنوں کی افزائش کی یہ ملک ہمارا نہیں ہے انہیں سزائیں ملنی چاہئیں، نو مئی کو جو ملک کا حشر کیا گیا ہرپاکستانی کا سر شرم سے جھک گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں نے یہاں کے دورے میں قائد اعظم محمد علی جناح سے کہا ہے قائد ہم شرمندہ ہیں کیونکہ آپ کے گھر کو جلانے والے ابھی تک زندہ ہیں ، ایسے لوگوں کے لئے ڈوب مرنے کا مقام ہے جنہوں نے یہ حرکت کی ۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح نوجوانوں کی ذہن سازی کی جارہی ہے انہیں لڑایا جارہا ہے شدت کو بڑھایا جارہا ہے یہ پاکستان کے لئے بہتر نہیںہے، یہ ملک عظیم قربانیوں سے بنا ہے اس کے لئے ہماری مائوں بہنو نے اپنی عزتیں لٹائیں ، ہمارے بڑوں نے اپنے خون سے پرچم کو سر بلند رکھا لیکن آج ان کے چہروں کو مسخ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ا نہوں نے کہا کہ میرا ایمان ہے کہ یہ ملک رہتی دنیا تک قائم رہے گا ،یہ پرچم سربلند رہے گا۔ جناح ہائوس کو جلایا جائے ،جڑانوالہ میں چرچز کو جلایا جائے ،مسجد ،مندر ،گردوارے ،امام بارگاہ پر حملہ ہو وہ پاکستان پر حملہ ہے ، جو لوگ بھی اس میں ملوث ہے اگر ان کو سزا ئیں نہ دی گئیں تو اس طرح کی سر گرمیوں کو مزید بڑھاوا ملے گا ،یہ پاکستان کے مستقبل کے لئے اچھا نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ یہ وطن ہمارا ہے اس کو ہم نے سنوارنا ہے ہم نے اس کی آبیاری کرنی ہے ، نوجوانوں سے ہاتھ جوڑ کر اپیل کروں گا استدعا کروں گا کسی کے بہکاوے میں مت آئیں ،اپنے ملک کو سنبھالیں ،ملک کا مستقبل آپ سے وابستہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے حکم پر جڑانوالہ گیا ،وہاں بہت نقصان ہوا ، چرچز جلائے گئے ، گھر جلائے گئے ،تاریخ میں پہلی بار مائیں بہنیں ڈر کر کھیتوں میں سو رہی تھیں،کمشنر کو ہدایت دی کہ تمام کرسچن اگلے ہفتے اپنے چرچز میں تعمیر مکمل ہونے کے بعد عبادت کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ شدت پسند کا کوئی مذہب نہیں ہوتا ،خدا کو ماننے والا کبھی کسی چرچ یا مقدس جگہ کو نہیں جلاتا۔
انہوںنے کہا کہ الیکشن کمیشن کا کام الیکشن کروانا ہے کوشش ہے الیکشن کمیشن کو ہدایت جاری کریں کہ تیاری جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ جو دنیا کو چور کہتا تھا وہ خود کیا نکلا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ سویڈن واقعہ پر بھی مذمت کی ،الہامی کتاب بائبل کی طرح قرآن مجید کو بھی مقدس سمجھتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ پاک آرمی اثاثہ ہے ان کی قربانیوں کی وجہ سے ہمیں سکون کی نیند آتی ہے،سانحہ نو مئی کے لوگوں کو ہر صورت سزا ملنی چاہیے ۔