اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ جناح میڈیکل کمپلیکس پورے خطے کے لیے بہترین طبی سہولیات اور جدید ترین طبی تحقیق کے لیے آلات سے لیس ہسپتال ہو گا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہاکہ جناح میڈیکل کمپلیکس پورے خطے کے لیے بہترین طبی سہولیات اور جدید ترین طبی تحقیق کے لیے آلات سے لیس ہسپتال ہو گا۔وزیراعظم نے منصوبے کی تعمیر کے تمام مراحل میں سو فیصد شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔
وزیراعظم نے ڈیزائن، سپرویژن، اور تعمیر کے حوالے سے کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹر کی خدمات بین الاقوامی ٹینڈر کے ذریعے حاصل کرنے کی ہدایت کی ۔ وزیراعظم نے کہاکہ جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر کے تمام مراحل کی نگرانی میں خود کروں گا۔اجلاس میں وزیراعظم کو جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر کی تعمیر کی پیشرفت کے حوالے سے بریفننگ دی گئی۔ بتایاگیاکہ جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر کے حوالے سے اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے PCـI کو جلد حتمی شکل دے دی جائے گی.
جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر کے لیے بنائے گئے ٹرسٹ فنڈ میں 3.5 ارب روپے کا ابتدائی سرمایہ منتقل کیا جا چکا ہے، 600 کنال رقبے پر محیط اس بین الاقوامی طرز کے 1000 بستروں سے زائد کے ہسپتال میں 9 سینٹرز آف ایکسیلنس ہوں گے۔اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی ڈاکٹر احسن اقبال، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال، وزیراعظم کے مشیر سید توقیر شاہ، اسلام آباد سے رکن قومی اسمبلی انجم عقیل، پروفیسر ڈاکٹر سعید اختر اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔