کراچی(رپورٹنگ آن لائن) مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ جمہوریت کے فروغ کے لیے مل کرکام کرنا ہوگا۔ اتوار کو مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف نے کراچی میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل کی رہائش گاہ پرجاکر ان کے والد سردار عطاءاللہ مینگل کی وفات پر اظہار افسوس کیا ، بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ تمام صوبوں کا احترام کرنا ہوگا، مسائل کے حل کیلئے صوبوں کوان کے وسائل فراہم کرنے ہوں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ جمہوری نظام کے فروغ کیلئے سب کو مل کرکام کرنا ہوگا، آرٹیکل 58 ٹوبی نے کئی جمہوری حکومتوں کا بستر گول کیا تھا، 58 ٹوبی کی شق ختم کرنے کیلئے عطااللہ مینگل کا اہم کردارتھا، عطااللہ مینگل کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔ شہباز شریف نے مزید کہا ہے کہ عطااللہ مینگل کی جمہوریت اور آئین کی پاسداری کیلئے بہت خدمات ہیں، قائداعظم کے خواب کی تعبیرکرنی ہے تو سب کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔