رانا ثناء اللہ 17

جمہوریت تصادم اور تعطل کی بجائے مکالمے سے مضبوط ہوتی ہے، رانا ثناء اللہ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ جمہوریت تصادم اور تعطل کی بجائے مکالمے سے مضبوط ہوتی ہے۔انہوں نے پیر کو سینیٹ میں قائد حزبِ اختلاف راجہ ناصر عباس کی جانب سے اٹھائے گئے مختلف نکات کا جواب دیتے ہوئے اپوزیشن پر زور دیا کہ وہ قومی مسائل کے حل اور جمہوری اداروں کے استحکام کے لئے سیاسی عمل میں فعال کردار ادا کرے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ہمیشہ اپوزیشن کو دعوت دی کہ وہ آگے بڑھے اور معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے، حکومت چاہتی ہے کہ اپوزیشن جمہوری عمل میں مؤثر کردار ادا کرے تاہم افسوس ہے کہ اپوزیشن سیاسی عمل کا حصہ بننے پر آمادہ نہیں جس کے باعث بار بار تعطل کی کیفیت پیدا ہو رہی ہے۔

بانی پی ٹی آئی کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ قانون کے مطابق تمام دستیاب سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، سپریم کورٹ کی ہدایات پر جیل میں بانی پی ٹی آئی کا ڈاکٹروں کے پینل کے ذریعے طبی معائنہ بھی کرایا گیا۔ بانی پی ٹی آئی کے خلاف مقدمات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ عدالتیں ہی مناسب فورم ہیں اور وہ قانون کے مطابق ریلیف دے سکتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں