اسحق ڈار 45

جموں و کشمیر پر بھارت کا غیر قانونی قبضہ ہمارے عہد کا ایک سنگین المیہ ہے ، وزیر خارجہ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر پر بھارت کا غیر قانونی قبضہ ہمارے عہد کا ایک سنگین المیہ ہے کیونکہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر کے عوام مسلسل منظم جبر، انسانی حقوق کی وسیع پیمانے پر خلاف ورزیوں اور اپنے بنیادی حقوق و وقار کی پامالی کا سامنا کر رہے ہیں۔

”یومِ حقِ خودارادیت” کے موقع پر اپنے پیغام میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کہا کہ حکومت اور پاکستان کے عوام بھارت کے غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، ہم حقِ خودارادیت کے حصول کیلئے ان کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

پیر کو دفتر خارجہ سے جاری بیان میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ دن 5 جنوری 1949 کو اقوامِ متحدہ کے کمیشن برائے بھارت اور پاکستان (UNCIP) کی اس تاریخی قرارداد کی یاد میں منایا جاتا ہے جس نے جموں و کشمیر کے عوام کے لیے ایک آزادانہ اور منصفانہ رائے شماری کی باقاعدہ ضمانت دی تھی،یہ عہد جموں و کشمیر کے تنازع پر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں میں درج ہے اور اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی ہر سال حقِ خودارادیت کی حمایت میں اپنی قراردادوں کے ذریعے اس کی توثیق کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی قانون حقِ خودارادیت کو اقوامِ متحدہ کے چارٹر میں درج ایک بنیادی اصول کے طور پر تسلیم کرتا ہے تاہم بھارت نے گزشتہ سات دہائیوں سے کشمیر ی عوام کو اس حق سے محروم رکھا ہوا ہے، جموں و کشمیر پر بھارت کا غیر قانونی قبضہ ہمارے عہد کا ایک سنگین المیہ ہے، کیونکہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام مسلسل منظم جبر، انسانی حقوق کی وسیع پیمانے پر خلاف ورزیوں اور اپنے بنیادی حقوق و وقار کی پامالی کا سامنا کر رہے ہیں،

خاص طور پر، 5 اگست 2019 کے بھارتی غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات علاقے کے آبادیاتی تناسب کو تبدیل کر کے غیر قانونی قبضے کو مستحکم کرنے کی ایک سوچی سمجھی کوشش ہیں،ان اقدامات کا مقصد بین الاقوامی قانون اور حقِ خودارادیت کے اصولوں کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیری عوام کو ان کے اپنے وطن میں منظم طریقے سے ایک بے اختیار برادری میں تبدیل کرنا ہے۔ انہوںنے کہاکہ دہائیوں کے جبر اور ان گنت قربانیوں کے باوجود، کشمیری عوام حقِ خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد میں ثابت قدم رہے ہیں۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم ان کی غیر متزلزل استقامت، ہمت اور جرات کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس موقع پر پاکستان بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کو اس وقت تک اپنی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے جب تک کہ وہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق اپنے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کو حاصل نہیں کر لیتے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان عالمی برادری، بالخصوص اقوامِ متحدہ سے بھی مطالبہ کرتا ہے کہ وہ کشمیری عوام کے ساتھ کیے گئے اپنے دیرینہ وعدے کو پورا کرے اور تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کو یقینی بنانے کے لیے اپنا تفویض کردہ کردار ادا کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں