محمد جاوید قصوری

جماعت اسلامی کا ”یکجہتی غزہ مارچ” (کل )مال روڈ پر ہوگا’جاوید قصوری

لاہور ( رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیل کی شرمناک بمباری جاری ہے ، جماعت اسلامی کا ”یکجہتی غزہ مارچ” کل (جمعہ )11 اپریل کو مال روڈ پر ہوگا.

یکجہتی غزہ مارچ جمعتہ المبارک کو شام 4 بجے اسٹیٹ بنک سے شروع ہوگا اور چئیرنگ کراس تک آئے گا، اہل لاہور 11 اپریل کو مظلوم فلسطینیوں کیساتھ بھرپور اظہاریکجہتی کیلئے غزہ مارچ میں اپنی فیملی کیساتھ شرکت کریں۔ان کا کہنا تھا کہ قابض فوج بے گھر فلسطینیوں کے اسکولوں اور خیموں پر بمباری کر رہی ہے، جن میں خواتین اور بچوں سمیت 120 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے۔غزہ میں اسرائیلی نسل کشی سے شہدا کی مجموعی تعداد 50 ہزار 669 ہوگئی.

1 لاکھ 15 ہزار 225 فلسطینی زخمی ہیں۔غزہ میں گزشتہ 20دنوں میں 500 بچوں کو شہید کر دیا گیاجو کہ انسانیت کے علمبرداروں کے منہ پر طمانچہ ہے ۔ قابض اسرائیلی حکومت صحافیوں کو غزہ تک رسائی سے روک رہی ہے کیونکہ وہ ”نہیں چاہتے کہ حقائق دنیا تک پہنچیں۔یہ 1948 سے اب تک کی سب سے خونریز جنگ ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حملوں سے مسائل کا شکار فلسطینیوں کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکامی اقوام متحدہ اور انسا نیت کے علمبردار ممالک کی کارکرگی پر سوالیہ نشان ہے۔ اسرائیل کا غزہ میں خوراک کو ہتھیار کے طور استعمال اجتماعی سزا ہے۔

اسرائیلی فوج ن غزہ پر قبضہ کرنا چاہتی ہے، جو کہ کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔امت مسلمہ اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ اور مسلم ممالک اسرائیلی مصنوعات کا متبادل تیار کریں۔محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ اس وقت عالمی سطح پر سب سے بڑا مسئلہ فلسطین کا ہے، امریکہ اور یورپ کی سرپرستی میں اسرائیل نے فلسطینیوں پر جو مظالم ڈھائے ہیں ان کی کم از کم اس صدی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

المیہ یہ ہے کہ 56 اسلامی ممالک اور ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمان فلسطینیوں کی مدد کو نہیں پہنچے۔ وقت آگیا ہے کہ پاکستان سمیت تمام اسلامی ممالک متحد ہو کر اہل غزہ کی مد د کو پہنچیں،فلسطینی عوام کو امداد بھیجی جائے خاص طور پر موبائل میڈیکل یونٹ اور طبی عملہ بھیجا جائے تاکہ زخمیوں کا علاج ممکن ہوسکے۔جنگی بندی کو یقینی بناتے ہوئے اہل غزہ کی تعمیر نو فوری طور پر کرنی ہو گی۔