کراچی (رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے K4 منصوبے کے فنڈز مختص کرنے کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف کو خط لکھ دیا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ وفاق K-4 منصوبے کیلئے 40 ارب روپے فوری مختص کرے، منصوبے کیلئے صرف 3.2 ارب روپے رکھنا زیادتی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ شہر کے 3.5 کروڑ عوام کو پانی کی قلت کا سامنا ہے، شہر کو روزانہ 1200 ملین گیلن پانی درکار ہے لیکن صرف 650 ملین گیلن پانی فراہم کیا جا رہا ہے، وفاقی بجٹ میں کراچی کو جائز حصہ نہیں دیا گیا۔
منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ K-4 منصوبہ بند کرنا شہر کے ساتھ زیادتی ہو گی، شہباز شریف نے 2021 میں کراچی کو پیرس بنانے کا وعدہ کیا تھا، اب شہباز شریف کے پاس وعدے نبھانے کا موقع ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ شہر قائد میں K-3 کے بعد اب تک کوئی بڑا آبی منصوبہ مکمل نہیں ہوا، K-4 منصوبے کا PC-II 2003 میں منظور ہوا تھا، پورے ملک میں سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے شہر کے مسائل کے حل کے لیے ترقیاتی منصوبے دیئے جائیں۔