بہاولپور (رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے انقلاب کا راستہ اب کوئی نہیں روک سکے گا،جماعت اسلامی چاہتی ہے آپ ووٹ دیں اور جنت میں بھی جائیں، جماعت اسلامی ایک انقلابی جماعت ہے، پرانا نظام اور پرانی بیوروکریسی کیساتھ کوئی انقلاب یا تبدیلی نہیں آتی، معاشرے میں غریب کو بڑا مقام ملے یہ انقلاب ہے۔
سراج الحق نے بہاولپور میں جماعت اسلامی بلدیاتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیسا انقلاب ہے کہ پی پی پی ہوتو شاہ محمود قریشی پی ٹی آئی ہوں تو شاہ محمود قریشی، ہم ایک لعنتی نظام کیساتھ چل رہے ہیں۔ انکا کہنا ہے کہ ہم نے لوگوں کے دلوں میں گھر کرنا ہے، جب نظام انگریز کا ہے تو سب کو اس پر چلنا ہوگا، اختیارات کے بغیر آپ اسلامی ملک میں بھی تبدیلی نہیں لاسکتے۔ انہوں نے کہا کہ انگریزوں کے کتے نہلانے والوں کی حکومت ہے، غلاموں کا ٹولہ آپ لوگوں پر مسلط ہے، تمام پارٹیاں اس نظام پر متفق ہے ہم تبدیلی چاہتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ شوگر ملیں کھاد فیکٹریاں وفاقی وزرا کی ہیں، اللہ نے نمک کا پہاڑ دیا لیکن آئی ایم ایف کے حکم پر وہ بھی مہنگا کردیا گیا، سیاسی چوہے نے ہر چیز کو ہڑپ کرلیا ہے۔ انکا کہنا ہے کہ ہر ادارے میں چھپے سیاسی چوہوں نے سب کچھ ہڑپ کرگئے، یہ ظالمانہ نظام ہے، بدانتظامی کی وجہ سے 20 سے زیادہ لوگ مری میں شہید ہوگئے، بڑے بڑے ادارے ہونے کے باوجود انکی نااہلی نے شہریوں کی جان لی۔ سراج الحق نے کہا کہ تمام اموات کی ذمہ دار حکومت وقت ہے، ایک چھوٹا سا شہر مری نے سنبھال سکتے ملک کیا چلائیں گے، یہ وہ چوہے ہیں جو سونا سٹیل مل سب کچھ کھا جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ دوبارہ نہیں آئیں گے، پی ٹی آئی کا انجن ایک قدم نہیں چل سکتا، ہم اس ملک کو کلین اور گرین ملک بنائیں گے، ہم تمام لاوارثوں کے وارث بنیں گے۔