لاہور (رپورٹنگ آن لائن) جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو عوامی امنگوں کے مطابق ہے، اسلام دین فطرت ہے، اللہ کی بندگی، رسول کی اطاعت، مخلوق خدا کی خدمت ، اسلامی تعلیمات پر عمل درآمد کرنا تمام اہل ایمان کی ذمہ داری ہے، ملک میں قرآن و سنت سے متصادم قانون نہیں بن سکتا لیکن نہ آئین پر نہ قران و سنت کے احکامات پر عمل ہو رہا ہے، ہم نے اپنی تعلیم، معیشت، تہذیب کو کمزور کیا ہے۔
جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جمہور یت اور جمہوری قدروں پر عمل نہیں کیا گیا ہے، معیشت بڑی تباہی سے دوچار ہے، اپنی قومی صلاحیتوں پر اعتماد کی بجائے سود کی لعنت کو پکڑا ہے، ہماری معیشت آج عالمی اداروں کی دہلیز پہ پڑی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہمارا داخلہ و خارجہ اغیار کی دہلیز پر ڈھیر ہے، اسٹیبلشمنٹ ہر ملک میں طاقت ور ہے، فوج ہر ملک میں ایک بڑی طاقت ہے مگر ہمارے ملک میں پارٹیوں میں بے مقصد کی سیاست ہے، پاکستان کی سیاست کو اسٹیبلشمنٹ کی دہلیز پر ڈھیر کر دیا گیا ہے۔
انھوں نے مزید کہا ہے کہ آج یہ پورا نظام انا اللہ وانا الیہ راجعون تک پہنچ چکا ہے، جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو عوامی امنگوں کے مطابق ہے، عوامی جذبات کو روکا گیا تو پاکستان میں بھی طالبان ماڈل آئے گا اور دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکے گی۔