امیر منعم ظفر خان 90

جماعت اسلامی مزدوروں وکسانوں کی جماعت ہے استحصالی نظام کو ختم ومحنت کشوں کے مسائل حل کریں گے منعم ظفر

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ ملک میں رائج ظالمانہ و فرسودہ نظام نے پاکستان کو تباہ کردیا ہے۔مخصوص طبقہ اشرافیہ 78سال سے اقتدار پر قابض ،عوام کا استحصال کررہا ہے ۔محنت کش اپنے اتحاد کے ذریعے ہی حقوق حاصل کرسکتے ہیں۔جماعت اسلامی مزدوروں کسانوں اور غریب طبقے کی جماعت ہے ہم استحصالی نظام کا خاتمہ کر کے محنت کشوں کے مسائل حل کریں گے۔

محنت کش اجتماع عام بدل دو نظام کے پیغام کو گھر گھر پہنچائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی زون کے تحت وی ٹرسٹ گلشن اقبال میں مینار پاکستان لاہور میں بدل دو نظام اجتماع عام میں شرکت کرنے والے محنت کشوں کے اعزاز میں استقبالیہ اور سرٹیفکیٹ کی تقسیم کے موقع پر منعقدہ تقریب سے اپنے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدرشمس الرحمان سواتی،سینئر نائب صدر ظفر خان،پی ٹی سی ایل سی بی اے یونین کے رہنما وحید حیدر شاہ،این ایل ایف کراچی کے سینئر نائب صدر امیر روان،جنرل سیکریٹری محمد قاسم جمال ودیگر نے خطاب کیا۔اس موقع پر نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے سابق سیکریٹری جنرل اور جماعت اسلامی کراچی کے سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری بھی موجود تھے۔استقبالیہ میں اجتماع عام میں شریک ہونے والے محنت کشوں کو منعم ظفر نے سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے۔

منعم ظفر خان نے کہا کہ پاکستان کے قیام کو آج 78سال کا طویل عرصہ گزر چکا ہے اور قیام پاکستان کے فوراً بعد ملک پر جاگیرداروں،وڈیروں،خانوں،نوابوں،سرمایہ داروں،جرنیلوں اور ایک مخصوص اشرافیہ کا قبضہ ہے ۔غریب اور مظلوم طبقہ ٹیکس تو ادا کرتا ہے لیکن اس کو بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی جارہی ہیں۔ہم اس ملک سے فرسودہ نظام کا خاتمہ چاہتے ہیں ہم چاہتے ہیں کہ غریب مزدور کا بیٹا مزدور نہیں بلکہ ڈاکٹر اور انجینئر بنے ۔ہم محنت کشوں کی طاقت سے اس فرسودہ نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے گے اور کلمہ کی بنیاد پر قائم ہونے والے اس ملک میں اسلام کا عادلانہ نظام قائم کریں گے ۔حکمران آج پاکستان کے قومی اداروں پی آئی اے،ریلوے،اسٹیل مل کو نج کاری کی بھینٹ چڑھا کر ملک کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔قومی اداروں کی نجکاری پاکستان کو فروخت کرنے کے مترادف ہے۔

شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ پاکستان میں ساڑھے سات کروڑ محنت کش ہیں جو ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں۔ملک میں کرپشن،بدامنی،مہنگائی،غربت کا راج ہے۔غریب مزدور کا بچہ صحت تعلیم اور روٹی سے محروم ہے۔محنت کشوں کے ادارے کرپشن کا گڑھ بن چکے ہیں۔قومی اداروں کی نج کاری اور ٹھیکہ داری نظام کے ذریعے محنت کشوں کو دیوار سے لگایا جارہا ہے۔این ایل ایف کراچی سے لے کر خیبر تک اس فرسودہ نظام کے خلاف جدو جہد کر رہی ہے اور ہم مینار پاکستان سے اٹھنے والی بدل دو نظام تحریک کا حصہ بنیںگے اور حافظ نعیم الرحمن کے شانہ بشانہ کرپٹ نظام کو اب کسی بھی قیمت پر برداشت نہیں کریں گے،ملک میں غریبوں کی حکمرانی قائم کی جائے گی۔ظفر خان نے کہا کہ محنت کش طبقہ ہی اس ملک میں تبدیلی لائے گا۔مینار پاکستان کے اجتماع عام نے محنت کشوں کو بیدار کر دیا ہے۔وحید حیدر شاہ نے کہا کہ محنت کش طبقہ ایک بہت بڑی طاقت اور قوت ہے۔

مزدوروں کی قوت سے ملک میں تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔خالد خان نے کہا کہ این ایل ایف فرسودہ نظام کے خاتمے کے لئے جدو جہد کررہی ہے۔کرپٹ اشرافیہ نے پاکستان پر قبضہ کیا ہوا ہے۔محنت کشوں کے ادارے سرمایہ داروں کے مفادات کے محافظ بنے ہوئے ہیں۔محنت کش پاکستان میں نظام کی تبدیلی کے لئے حافظ نعیم الرحمن کے ساتھ ہیں اور قوت کے ساتھ پاکستان میں نظام کی تبدیلی کے لیے جدوجہد کریںگے ۔امیر روان نے کہا کہ اجتماع عام نے محنت کشوں کو ایک قوت فراہم کی ہے۔قاسم جمال نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں محنت کش ایک انقلاب ضرور برپا کریں گے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں