اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)سینیٹ کو حکومت نے آگاہ کیا ہے کہ جعلی ڈگریوں کی وجہ سے 760 پی آئی اے کے ملازمین کو اب تک ملازمت سے برخاست کیا گیا ہے، تاہم 127 ملازمین کے خلاف محکمانہ کاروائی زیر عمل ہے،ان میں سے 87 ملازمین نے عدالتوں سے حکم امتناعی لے رکھا ہے، کووڈ 19 کی وجہ سے دنیا بھر میں پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا،اور پی آئی اے پر بھی اس کا اثرہوا،
حکومت نے بھرپور کوشش کی کہ جو اوورسیز پاکستانی واپس آنا چاہتے تھے ان کو لایا جائے، اسپیشل فلائیٹس بھیجی گئیں، کرائے میں تھوڑا بہت اضافہ حالات کو دیکھتے ہوئے ضروری تھا،مجبوری کے عالم میں کرایہ بڑھانا پڑا، 118 ارب روپے کی رقم احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے مستفیدین میں تقسیم کی جا چکی ہے،
ان خیالات کا اظہار سینیٹ میں وقفہ سوالات کے دوران وزارت ہوا بازی کا تحریری جواب اور وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے ارکان کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کیا۔بدھ کو سینیٹ کا اجلاس چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی صدارت میں ہوا،سینیٹر میاں عتیق شیخ کے سوال کے تحریری جواب میں وزارت ہاﺅسنگ اینڈ ورکس نے ایوان کو بتایا کہ سروے رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں 17 ہزار 327 سرکاری رہائش گاہیں قانونی الاٹیوں کے پاس تھیں، جبکہ 169رہائش گاہیں غیر قانونی قبضے میں تھیں ،42 رہائش گاہیں غیر قانونی قابضین سے خالی کرائی گئی ہیں،
سینیٹر مشتاق احمد کے سوال کے تحریری جواب میں وزارت ہوا بازی نے ایوان کو بتایا کہ کووڈ 19 کی وجہ سے دنیا بھر میں پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا،اور پی آئی اے پر بھی اس کا اثرہوا، یو اے ای حکومت کی پابندیوں کی وجہ سے دیگر ممالک کے شہریوں کو یو اے ای آنے والی پروازوں میں سفر کی اجازت نہیں ملی تھی،
پی آئی اے کووڈ 19 آپریشن کی وجہ سے سب سے اہم ترجیح یہ تھی کہ باہر پڑھنے والے پاکستانیوں کو واپس ملک میں لایا جائے تاہم کرائے میں تھوڑا بہت اضافہ حالات کو دیکھتے ہوئے ضروری تھا، وزیرمملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے ایوان کو بتایا کہ حکومت نے بھرپور کوشش کی کہ جو اوورسیز پاکستانی واپس آنا چاہتے تھے ان کو لایا جائے، اسپیشل فلائیٹس بھیجی گئیں ،مجبوری کے عالم میں کرایہ بڑھانا پڑا،
سینیٹر سراج الحق کے سوال کے تحریری جواب میں تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن نے ایوان کو بتایا کہ 118 ارب روپے کی رقم احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے مستفیدین میں تقسیم کی جا چکی ہے ، جسے وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کی وجہ سے شروع کیا تھا،
سینیٹر سراج الحق کے سوال کے تحریری جواب میں وزارت ہوا بازی نے ایوان کو بتایا کہ جعلی ڈگریوں کی وجہ سے 760 پی آئی اے ملازمین کو اب تک ملازمت سے برخاست کیا گیا ہے، تاہم 127 ملازمین کی خلاف محکمانہ کاروائی زیر عمل ہے،ان میں سے 87 ملازمین نے عدالتوں سے حکم امتناعی لے رکھا ہے،
سینیٹر گیان چند کے سوال کے تحریری جواب میں وزیر انچارج برائے کابینہ ڈویژن نے ایوان کو بتایا کہ ضلع تھر پارکر کے تمام 7 تعلقوں میں فور جی سروسز فراہم کر دی گئی ہیں