لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ جعلی حکمرانوں کے جبر کے نظام کی چولیں ہل رہی ہیں اور ان شا اللہ وہ دن دور نہیں جب بانی پی ٹی آئی سرخرو ہو کر عوام کے درمیان ہوں گے ، بشری بی بی کوقید کرنے کا مقصد عمران خان کو توڑنا اور کمزور کرنا تھالیکن دونوں نے ثابت قدم رہ کر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے حوصلے کو تقویت بخشی ہے ۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ خطے کی خطرناک صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ ہم بھرپور اتحاد اور یگانت کا مظاہرہ کریں ، عمران خان پاکستان کے مقبول ترین لیڈر ہیں اس لئے ان پر بنائے گئے جعلی مقدمات ختم کر کے انہیں رہا کیا جائے جس سے ساری دنیا میں مضبوط اتحاد کا پیغام جا ئے گا ۔ انہوں نے کہا کہ جبر کے ہتھکنڈوں کے ذریعے عمران خان کو توڑنے کی کوشش کرنے والے خود تھک کر چُور ہو چکے ہیں لیکن عمران خان بھرپور عزم اور حوصلے کے ساتھ آج بھی ڈٹے ہوئے ہیں ، ان کے عزم اور حوصلے کے سامنے جبر کا نظام بھی کمزور پڑ رہا ہے ۔