لاہور (رپورٹنگ آن لائن) مسلم لیگ (ن)پنجاب کی ترجمان عظمی بخاری نے کہا ہے کہ جعلی تبدیلی کے حواریوں سے قوم کی لوٹی ایک ایک پائی وصول کی جائے گی۔
عظمی بخاری نے ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ترجمان صاحب آجکل غضے، پریشانی اور بے بسی میں زیادہ باتیں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے پاس یہ جواب نہیں کہ ملک اور پنجاب میں حالات کیسے خراب ہوگئے ہیں۔ ن لیگ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ سیالکورٹ کے بعد میاں چنوں کا واقعہ آپ سے کم ازکم تین دن نہ بولنے اور شرم سے ڈوب مرنے کا تقاضہ کرتا تھا۔ عظمی بخاری نے کہا کہ تبدیلی بھی جارہی ہے اور جعلی کپتان بھی جارہا ہے، تحریک عدم اعتماد بھی آرہی ہے اور لانگ مارچ بھی ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جعلی تبدیلی کے حواریوں سے قوم کی لوٹی ایک ایک پائی وصول کی جائے گی، کسی چینی چور، آٹا چور اور ادویات چور کو بھاگنے نہیں دینگے۔ انکا کہنا ہے کہ فراڈ اور جھوٹ کے سہارے چلنے والی حکومتی دکان بہت جلد زمین بوس ہونے والی ہے، عمران خان کنٹینر تیار کرلیں شاید پھر یہی انکی آرام گاہ بنے۔
عظمی بخاری نے کہا کہ عمران خان نے ڈلیور کرنے کی بجائے پروپیگنڈہ سیل کے ذریعے حکومت کی، اس لیے آج تبدیلی بھی رسوا ہورہی ہے اور تبدیلی کے اندھے مداح بھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے جتنی محنت اپوزیشن کو دیوار سے لگانے پر کی اتنی اگر قوم کےلئے کرتے تو ملک اس نہج تک نہ پہنچتا۔