شہباز اکمل جندران۔۔۔
ڈائیریکٹر جنرل ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے گرفتاری کے باوجود فیصل آباد موٹر برانچ کے اہلکاروں کو تاحال معطل نہیں کیا۔
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی( ایف آئی اے) فیصل آباد کے سائبر کرائم ونگ نے قریب ایک ماہ قبل کارروائی کرتے ہوئے ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ فیصل آباد کی موٹر برانچ میں مبینہ جعلسازوں ڈی ای او اویس امجد، ایم ٹی سی صابر سیال ،بلال ارشد،حافظ عمران، شفقت منیر اور شیخ عمر منیر سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ درج کر کے ڈی ای او اویس امجد محمد ابراہیم اورحافظ عمران کو گرفتار کرلیا تھا۔
ایف آئی اے نے یہ کارروائی فیصل آباد موٹر برانچ کے اہلکاروں افتخار احمد پنسوتہ اور دیگر کی معاونت سے کی۔
تاہم یہ بات سامنے آئی ہے کہ ڈائریکٹر ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ فیصل آباد احمد سعید ایک طرف اس کیس میں دلچسپی نہیں لے رہے جبکہ دوسری طرف ڈائیریکٹر جنرل ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ صالحہ سعید نے بھی گرفتار ہونے والے ڈی ای او اویس امجد اور محمد ابراہیم کو تاحال ان کے عہدوں سے معطل نہی کیا۔
زرائع کے مطابق گرفتار ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے جے سی او ریحان سمیت دیگر ایم ٹی سیز اور ڈی ای اوز کے پاسورڈ چوری کئے اور Un-Fedڈیٹا کی آڑ میں سینکڑوں گاڑیوں کی بوگس فیڈنگ کی، ٹوکن ٹیکس کی جعلی اپڈیشن کی، بوگس سمارٹ کارڈ جاری کئے اور جعلی انٹریاں کیں۔