لاہور (رپورٹنگ آن لائن )امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے جعفر ایکسپریس پر بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرین پر حملے میں ملوث دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، وفاقی و صوبائی حکومتیں بلوچستان میں دہشت گردی پر قابو پانے میں ناکام ہیں،معصوم اور بیگناہ لوگوں کو شہید کرنا انتہائی قابل مذمت فعل ہے، قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ثابت قدم رہے گی،ظالمانہ واقعے میں ملوث تمام دہشت گردوں کو کیفرکرادار تک پہنچایا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی ملک و قوم کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے۔ دہشتگردوں کا معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا بزدلانہ عمل ہے۔ جعفر ایکسپریس کے نہتے مسافروں پر حملہ کرنے والے انسانیت سے عاری ہیں، ٹرین کے مسافروں کی بحفاظت واپسی کے لیے دعا گو ہیں۔ یرغمال بنائے جانے والوں میں اکثریت بچوں، خواتین کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ تھنک ٹینک پاک انسٹی ٹیوٹ فار پیس اسٹڈیز کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات میں 119 فیصد اضافہ ہو ا ہے .
جس میں بلوچستان میں 171 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں بلوچستان کی محرومیاں دورکیے بغیر محض سیکیورٹی مسائل حل کرنے سے امن و امان کا قیام ممکن نہیں ہے۔ضرورت اس بات کی ہے کہ وفاقی حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرے اور بلوچستان کے عوام کو درپیش اصل مسائل بشمول سیکیورٹی خدشات کے کو ہنگامی بنیادوں پر حل کیا جانا چاہئے ۔ بلوچستان میں بھارت کے کردار کو ختم کرنا وقت کا اولین تقاضا ہے ۔محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ بھارت ہمیشہ سے بلوچستان میں مالی اور اسلحے کی مدد فراہم کرتا رہا ہے۔
کلبھوشن یادیوکی گرفتاری اور اس کے اعتراف اس بات کا ثبوت ہیں کہ بھارت بلوچستان میں دہشت گردی کے ذریعے پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہا ہے۔ بھارت کی عالمی دہشت گردی صرف بلوچستان،پاکستان تک ہی محدود نہیں ہے بلکہ وہ پورے خطے کو نشانہ بنا رہا ہے۔ پوری دنیا کے سامنے عیاں ہو چکا ہے کہ بھارت عالمی سطح پر دہشت گردی کا پورا نیٹ چلا رہا ہے۔ایک طرف وہ مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کا مرتکب ہورہا ہے تو دوسری طرف اس نے خود اپنے ملک کے اندر اقلیتوں کا جینا دوبھر کردیا ہے۔