کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال نے کہا کہ جس دن وفاقی حکومت ختم ہوئی پیپلزپارٹی کا ہنی مون بھی ختم ہو جائے گا،شہر قائد میں روزانہ اربوں روپے کا پانی چوری ہو رہا ہے، مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا،
ہفتہ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہر قائد میں غریب اور امیر دونوں پانی خرید کر استعمال کر رہے ہیں، ملک میں مہنگائی میں ہوشربا اضافہ ہوگیا، پٹرول کی قیمت ایک روپے بڑھانے کی سفارش پر وزیراعظم نے 5روپے اضافہ کیا،مصطفی کمال نے کہا کہ بری گورننس سکیورٹی رسک پیدا کر رہی ہے، عمران خان کی حکومت چلانے کیلئے پیپلزپارٹی کو وقت دیا گیا، جس دن وفاقی حکومت ختم ہوئی پیپلزپارٹی کا ہنی مون بھی ختم ہو جائے گا، سندھ میں 29ہزار روپے میں اسکول کا ایک ڈیسک تیار کیا گیا۔