لاہور (رپورٹنگ آن لائن)لاہور ہائیکورٹ میں حلقہ پی پی 98فیصل آباد میں ضمنی انتخابات کرانے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی تاہم جسٹس چوہدری اقبال نے ذاتی وجوہات کی بنا پر کیس کی سماعت سے معذرت کرلی۔
عدالت اس سے قبل وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن سے جواب طلب کر چکی ہے، درخواست گزار سابق رکن اسمبلی جنید افضل ساہی نے موقف اختیار کیا تھا کہ وہ حلقہ پی پی 98سے کامیاب ہوئے تھے تاہم انسدادِ دہشتگردی عدالت نے انہیں 9مئی کے مقدمے میں سزا سنائی جس پر انہیں نااہل قرار دیا گیا۔درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ نااہلی کے خلاف ہائیکورٹ میں اپیل دائر ہے جس کا ابھی تک حتمی فیصلہ نہیں ہوا ایسے میں الیکشن کمیشن نے قبل از وقت حلقے میں ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کردیا۔
پی پی 98کے ضمنی انتخاب میں پولنگ 23نومبر 2025ء کو ہونا مقرر ہے، درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ کیس کے حتمی فیصلے تک ضمنی انتخابات کا شیڈول کالعدم قرار دے کر انتخابات روکنے کا حکم دیا جائے۔لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس چوہدری اقبال نے ذاتی وجوہات کی بنا پر کیس کی سماعت سے معذرت کر تے ہوئے فائل چیف جسٹس مس عالیہ نیلم کو بھجوا دی ۔









