جرمن چانسلر

جرمن چانسلرکی پہلے دورے پر فرانس آمد،فرانسیسی صدر سے ملاقات

پیرس(رپورٹنگ آن لائن)جرمنی کے نئے چانسلر اولاف شولس نے اپنے پہلے بیرون ملک دورے پر پیرس میں فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں سے ملاقات کی ہے ۔ میڈییاپورٹس کے مطابق سوشل ڈیموکریٹ رہنما اولاف شولس جرمن چانسلر کی حیثیت سے اپنے پہلے سرکاری دورے کے لیے فرانس پہنچے۔ فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں واقع صدارتی محل میں ان کا فوجی اعزاز کے ساتھ استقبال کیا گیا۔ بعد ازاں جرمن چانسلر نے فرانسیسی صدر سے تفصیلی بات چیت کی۔دونوں رہنمائوں نے روس،یوکرائن سرحد پر جاری تنازعہ، چین، یورپ کے مستقبل کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی تبدیلی اور کورونا وبا سے نمٹنے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

جرمنی کے نئے چانسلر شولس نے ملاقات کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ یوکرائنی سرحد کے گرد روسی افواج کی بڑھتی تعداد پر گہری تشویش ہے۔ انہوں نے امریکی صدر بائیڈن کی طرف سے روسی صدر کے ساتھ اس معاملے پر بات چیت کو سراہا۔ شولس کا مزید کہنا تھاکہ سرحدوں کی خلاف ورزی نہیں ہون چاہیے۔مغربی ممالک کی جانب سے چین میں سرمائی اولمپکس کے سفارتی بائیکاٹ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں شولس نے کہا کہ وہ اس بارے میں فیصلے سے قبل مزید بات چیت کر رہے ہیں۔ واضح رہے پیرس نے بیجنگ ونٹر اولمپکس کا سفارتی بائیکاٹ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔