جرمن

جرمنی، مہاجرین اور پناہ گزینوں کی حمایت میں ہزاروں افراد کا مظاہرہ

برلن ( ر پورٹنگ آن لائن)جرمن دارالحکومت برلن اور بعض دیگر شہروں میں ہزاروں مظاہرین، موریا کیمپ کے مہاجرین اور پناہ گزینوں کی حمایت میں سڑکوں پر نکل آئے اور حکومت سے پناہ گزینوں کی مزید مدد کرنے کا مطالبہ کیا۔ میڈیارپورٹس کے مطابق جرمن دارالحکومت برلن میں ہزاروں افراد نے مہاجرین اور پناہ گزینوں کی حمایت میں ایک بڑا جلوس نکالا اور مطالبہ کیا کہ جو مہاجر اور پناہ گزیں یونان میں نا گفتہ بہ حالت میں پھنسے ہوئے ہیں ان کی باز آبادکاری کے لیے جرمن حکوت کو مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

گزشتہ ہفتے یونانی جزیرے لیسبوس کے پاس واقع پناہ گزینوں کے سب سے بڑے موریا کمیپ میں آگ لگ گئی تھی جس کے سبب بڑی تعداد میں پناہ کے متلاشی افراد سرچھپانے کے لیے عارضی جگہ سے بھی محروم ہوگئے ہیں۔برلن کے مارچ میں شریک ہونے والے مظاہرین کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کو مقامی یا ریاستی سطح پر مہاجرین کی مدد کے لیے ہونے والی کوششوں کو روکنے کے بجائے مزید مدد کرنے کی ضرورت ہے۔

ان کا مطالبہ ہے کہ مقامی سطح پر جو بلدیاتی ادارے یا پھر ریاستی حکومتیں اور بعض پارٹیاں مہاجرین کو بسانے کی باتیں کہتی رہی ہیں، اس میں رخنہ ڈالنے کے بجائے، وفاقی حکومت کو ان کی مدد کرنے کی ضرورت ہے۔ اس مظاہرے میں بہت سے افراد نے ایسے بینرز اور پوسٹرز اٹھا رکے تھے جس پر لکھا تھاکہ ہمارے پاس جگہ ہے۔ کسی کو پیچھے مت چھوڑیے۔